حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، رہبر انقلاب اسلامی آيت اللہ العظمیٰ خامنہ ای نے منگل 21 جنوری 2025 کو دو گھنٹے تک "پیشرفت کے علمبردار" کے زیر عنوان منعقد ہونے والی نجی شعبے کی ایک نمائش کا معائنہ کیا۔ اس نمائش کا مقصد نجی سیکٹر کی توانائيوں اور کارناموں کو منظر عام پر لانا ہے۔
اس نمائش میں کمیونیکیشن اور انفارمیشن ٹیکنالوجی، سیٹیلائٹ کے آلات، مصنوعی ذہانت یا آرٹیفشل انٹیلی جنس، ہوائی جہاز کی مرمت کے کل پرزوں اور وسائل کی مینوفیکچرنگ، کان کنی اور جیولوجی کی صنعتوں، تیل، گیس اور پیٹرو کیمیکل کی صنعتوں، اسٹیل اور ایلومینیم کی صنعت، گھریلو وسائل، سمندر سے متعلق صنعتوں، قالین کی صنعت، بجلی اور پانی کی صنعت، ٹیکسٹائل انڈسٹری، طبی اور ہسپتال کے سازوسامان کی تیاری اور ادویات کی پیداوار، رویان ریسرچ انسٹی ٹیوٹ، زرعی اور گلہ بانی کی مصنوعات، دستکاری اور سیاحت کی صنعتوں سمیت نجی شعبے کی مختلف صنعتوں کے کارناموں اور تازہ مصنوعات کو معائنے کے لیے پیش کیا گيا تھا۔
اس معائنے کے دوران نجی شعبے کی مختلف کمپنیوں نے پرائیویٹ سیکٹر کے سامنے موجود مسائل اور رکاوٹوں کے بارے میں اپنی تشویش اور شکایتیں پیش کیں اور رہبر انقلاب نے نمائش میں موجود وزیروں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حکومت اور سرکاری حکام کو نجی شعبے کی شکایتیں دور کرنی چاہیے کیونکہ ملک کی پیشرفت، پرائیویٹ سیکٹر کو موقع دینے پر منحصر ہے اور ملک کی ترقی و پیشرفت کی واحد راہ، نجی سیکٹر کی توانائيوں اور صلاحیتوں سے فائدہ اٹھانا ہے۔
رہبر انقلاب نے اسی طرح پانی اور بجلی کی صنعت کی مصنوعات کے معائنے کے وقت وزیر توانائی کی جانب سے بجلی کے شعبے میں پیداوار اور کھپت میں عدم توازن کو دور کرنے کے سلسلے میں دی جانے والی وضاحت کے بعد کہا کہ یہ باتیں اچھی اور صحیح ہیں لیکن انھیں عملی جامہ پہننا چاہیے کیونکہ عدم توازن اور اس کے حل کی راہوں کا موضوع حالیہ برسوں میں ہمیشہ سامنے رہا ہے لیکن اب بھی وہ مطلوبہ مرحلے سے کافی دور ہے۔
یہاں یہ بات بھی قابل ذکر ہے کہ پرائیویٹ سیکٹر کی اس نمائش کے تسلسل میں کل بدھ 22 جنوری 2025 کو ملک میں نجی شعبے کے بعض صنعت کار اور سرگرم افراد حسینیۂ امام خمینی میں رہبر انقلاب اسلامی سے ملاقات کریں گے۔ اس ملاقات کے دوران معاشی شعبے میں سرگرم نجی سیکٹر کے بعض افراد اپنے خیالات اور نظریات پیش کریں گے۔
آپ کا تبصرہ