اتوار 2 فروری 2025 - 20:57
اشعار| ایک معصوم تمنا کا ثمر ہے عباس (ع)

حوزہ/ ولادت علمدار کربلا حضرت ابو الفضل العباس علیہ السلام کے موقع پر حوزہ نیوز ایجنسی کے قارئین کے لیے مولانا عسکری امام خان جونپوری کے اشعار پیش خدمت ہیں۔

شاعر: مولانا عسکری امام خان جونپوری

جس میں اسلام ہے چمکا وہ پہر ہے عباس(ع)

شام ہوگی نہیں جس کی وہ سحر ہے عباس(ع)

باعث راحت ہر قلب و جگر ہے عباس (ع)

خرمن قلب منافق پہ شرر ہے عباس(ع)

فائز منصب عصمت تو نہیں ہے لیکن

ایک معصوم تمنا کا ثمر ہے عباس(ع)

سامنے کیا تھا بھلا تیرے یزیدی لشکر

اذن شبیر (ع) مگر مد نظر ہے عباس (ع)

نصرت حضرت شبیر (ع) کی خاطر تیرے

اسلحہ ہاتھ ہیں اور سینہ سپر ہے عباس (ع)

تشنگی، دھوپ، عدو اور سکوں کا عالم!!

ایسا لگتا ہے کہ مافوق بشر ہے عباس (ع)

آپ نظروں سے لڑے ہیں وہ تبسم سے لڑا

ننھے اصغر (ع) میں وہی تیرا ہنر ہے عباس (ع)

ٹوٹ جائے نہ کہیں آس نہ گرنے دینا

تیرے پرچم پہ سکینہ (ع) کی نظر ہے عباس (ع)

سو گئے خود تو لبِ نہر کٹا کر بازو

اک نظر ڈھونڈھ رہی ہے کہ کدھر ہے عباس (ع)

گرتی ہیں سر کو جھکائے لبِ ساحل موجیں

اک تصور ہے، ابھی پیش نظر ہے عباس (ع)

عسکری آگ کو گلزار جو کر دیتے ہیں

تیرے پرچم کی ہوا کا یہ اثر ہے عباس (ع)

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha