منگل 4 فروری 2025 - 13:07
قصیدہ در مدح امام زین العابدین علیہ السّلام

حوزہ/ ولادتِ باسعادت حضرت امام زین العابدین علیہ السّلام کی مناسبت سے آنحضرت کی شان میں منقبت کے اشعار پیش خدمت ہیں۔

از قلم: ڈاکٹر سیدہ مسرور صغریٰ

حوزہ نیوز ایجنسی|

نوری ریاضتوں کا مدحت سرا خدا ہے

زین العبا کے رخ سے تاباں گل ضیا ہے

تیری جبیں سے ہوں گی گلنار سجدہ گاہیں

محراب رب کے لب پر ساجد تیری ثنا ہے

تیری عبودیت سے ہر حکم مصطفیٰ کا

مثل صدائے ہاتف گھر گھر پہنچ رہا ہے

تھا پیکر شریعت مہلک مرض کی زد میں

ان بیڑیوں میں مضمر اسلام کی شفا ہے

اشکوں سے اپنے کرکے سیراب دین حق کو

تشنہ لبی سے خود کو آراستہ کیا ہے

دے کر اذان صبر وایقان تونے مولیٰ

ویران مسجدوں کو آباد کردیا ہے

کھل کھل کے آبلے سب راہوں سے کہہ رہے ہیں

جود وسخا کا مظہر بیمار کربلا ہے

پائی حیاتِ نو جب اک زائرہ یہ بولی

مہمان ہوں میں جس کی اس کا یہ معجزہ ہے

اوہام شر تھے گل ہے نور امام لیکن

طوق ستم پگھل کر فانوس ہو گیا ہے

پیہم کشا کشی ہے قلب یزیدیت میں

تکبیر حق سے سارا دربار گونجتا ہے

چودہ عنایتوں سے صغریٰ فضائے دل میں

کھلنے لگا ولائے گلفام جابجا ہے

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha