پیر 3 فروری 2025 - 20:34
اشعار | لیکے پیغام مسرت، آگئے زین العباء

حوزہ/ امام زین العابدین علیہ السلام کی ولادت باسعادت کے موقع پر امام کی شان میں حوزہ نیوز ایجنسی کے قارئین کے لیے مولانا عسکری امام خان جونپوری کے اشعار پیش خدمت ہیں۔

شاعر: مولانا عسکری امام خان جونپوری

مل گئی ایماں کی دولت، آگئے زین العباء (ع)

بھر گیا دامان حاجت، آگئے زین العباء (ع)

تہنیت اہل مودت، آگئے زین العباء (ع)

ہو ادا اجر رسالت، آگئے زین العباء (ع)

ہُو کا عالم، نزع کا ہنگام، غم کا دور تھا (ع)

لیکے پیغام مسرت، آگئے زین العباء

کعبۂ دل نور ایمانی سے ہوگا ضوفگن

اہل ایماں کو بشارت، آگئے زین العباء (ع)

تہنیت کو عرش والے سب زمیں پر آگئے

ہو گئی جنت میں خلوت، آگئے زین العباء (ع)

چشمہ فیض الٰہی ہے، غنیمت جانئے

حامل بار امامت، آگئے زین العباء (ع)

کہہ رہی ہے اہل ایماں سے یہ خود ان کی جبیں

بڑھ گیا لطفِ عبادت، آگئے زین العباء (ع)

اب ملے گی سجدۂ خالق کو معراج کمال

بن کے توقیرِ عبادت، آگئے زین العباء (ع)

آج تک دیکھا تھا زورِ بازوئے حیدر مگر

صبر کی دیکھیں گے طاقت، آگئے زین العباء (ع)

اے یزید نحس ہمت ہے تو پھر دربار میں

کیوں نہیں لیتا ہے بیعت، آگئے زین العباء (ع)

شوق دیدار مدینہ تھا تو پہلے سے مگر

بڑھ گیا شوق زیارت، آگئے زین العباء (ع)

ہے یقیں سب کی مرادیں آج ہوں گی مستجاب

کھل گیا بابِ اجابت، آگئے زین العباء (ع)

عسکری مل کر مناؤ جشن میلادِ امام

اس سے بڑھ کر کیا سعادت، آگئے زین العباء

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha