حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، اوکھلا، دہلی/ مولانا تصدیق حسین، امام جمعہ و جماعت بابل علم اوکھلا دہلی نے خطبہ جمعہ میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ولادت کی تاریخ ایک مقدس موقع ہے اور اس کا حق ہے کہ اس پر محافل اور جشن کا اہتمام کیا جائے، لیکن اس کے تقدس کو برقرار رکھنا بھی ضروری ہے۔
انہوں نے تاکید کی کہ ذاکر کی بات کو قرآن اور شاعر کے کلام کو حدیث کا درجہ نہ دیا جائے، بلکہ ہر بات کو تحقیق اور بصیرت کے ساتھ پرکھنا چاہیے۔مجالس اور محافل کو نبوی اور علوی انداز پر ہونا چاہیے، نہ کہ صرف جذباتی اور مبالغہ آرائی پر مبنی۔
انہوں نے مزید زور دیتے ہوئے کہا کہ ہمیں یہ غور و فکر کرنے کی ضرورت ہے کہ کہیں ہم دین کے حقیقی پیغام سے دور تو نہیں ہو رہے۔ بعض محافل میں ایسے کلام بھی پیش کیے جاتے ہیں جن کا شیعیت سے کوئی تعلق نہیں ہوتا، اس پر سنجیدگی سے غور کرنے کی ضرورت ہے۔
امام جمعہ بابل علم اوکھلا نے کہا کہ یہ مقدس اجتماعات ہیں، ان میں غیر ضروری جوش و جذبات کے بجائے حقیقت اور معرفت کو اجاگر کرنا چاہیے۔
مولانا تصدیق حسین نے آخر میں کہا کہ ہمیں چاہیے کہ ہم محافل و مجالس میں اصل تعلیماتِ معصومین پر توجہ دیں اور ان کے تقدس کو برقرار رکھیں۔
آپ کا تبصرہ