پیر 17 فروری 2025 - 20:29
اسلامی دنیا کے مسائل کا ایک بڑا حصہ قرآنی تعلیمات سے دوری کا نتیجہ ہے

حوزہ/ آیت‌ الله سید یوسف طباطبائی نژاد نے کہا: موجودہ دنیا اور خطے کی ایک اہم حقیقت ظلم اور نابرابری کے خلاف مزاحمت اور مظلوموں کی مدد ہے، جو قرآن کی حیات بخش تعلیمات کا نتیجہ ہے۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، ایران کے شہر اصفہان کے امام جمعہ آیت‌الله سید یوسف طباطبائی نژاد نے اصفہان شہر میں منعقدہ قرآنی، ثقافتی اور ورزشی مقابلوں کے اختتامی تقریب کے لئے پیغام جاری کیا ہے۔

انہوں نے اس پیغام میں کہا: قرآن، رسول اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کا دائمی معجزہ، بعثت کا سب سے بڑا ثمر اور ہر دور میں انسانیت کے لیے نجات کا نسخہ ہے۔

آیت‌الله طباطبائی نژاد نے کہا: رسول اکرم(ص) نے فرمایا کہ قرآن کی برتری دیگر کلاموں پر ویسی ہی ہے جیسے خداوند کی برتری اپنے بندوں پر۔ درحقیقت، کوئی ادبی شاہکار بلاغت میں، کوئی حکیمانہ کلام حکمت میں اور کوئی علمی کتاب حقائق عالم کے بیان میں قرآن کے ہم پلہ نہیں اور یہ حقیقی طور پر کمال کا نسخہ ہے۔

انہوں نے مزید کہا: قرآن کریم میں مسلمانوں کو ایک امت قرار دیا گیا ہے اور ان سے کہا گیا ہے کہ سب مل کر اللہ کی رسی کو مضبوطی سے تھام لیں، ایک محور پر جمع ہوں اور تفرقے سے پرہیز کریں۔ یقیناً آج کے اسلامی دنیا کے مسائل کا ایک بڑا حصہ ان تعلیمات سے دوری کا نتیجہ ہے، جس کا نتیجہ سوائے تفرقہ اور اختلاف کے کچھ نہیں رہا اور اس نے انسانیت کے دشمنوں کے لیے مواقع پیدا کیے ہیں۔

شہر اصفہان کے امام جمعہ نے کہا:ہمیں اپنی تمام تر کوششیں اس بات پر مرکوز کرنی چاہئیں کہ قرآن میں بیان کردہ وحدت، برابری، اور بھائی چارے کے اصول اسلامی معاشروں میں عملی شکل اختیار کریں۔ آج کے خطے اور دنیا کی ایک اہم حقیقت ظلم و نابرابری کے خلاف مزاحمت اور مظلوموں کی مدد ہے، جو قرآن کی حیات بخش تعلیمات کا نتیجہ ہے۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha