حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، ایران کے صوبہ مازندران میں ولی فقیہ کے نمائندے حجت الاسلام والمسلمین محمدباقر محمدی لائینی نے کہا ہے کہ مساجد کی نظافت اور صاف صفائی ماہ رمضان کی ایک اچھی روایت ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایک کشادہ اور صاف ستھری مسجد نوجوانوں کو اپنی جانب جذب کرتی ہے۔
حجت الاسلام والمسلمین محمدی لائینی نے مازندران کے شہر "ساری" کی مسجد موسیٰ ابن جعفر علیہ السلام میں مسجد کی صاف صفائی کے دوران کہا کہ ہمارے ہاں ایک اچھی روایت یہ ہے کہ ماہ رمضان کی آمد پر اللہ کے مہمانوں کے لیے مساجد کو صاف ستھرا کیا جاتا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہر سال لوگ، خاص طور پر خواتین، رضاکارانہ طور پر مساجد کی صفائی میں حصہ لیتی ہیں، تاہم مسجد کے تمام نمازیوں اور پڑوسیوں کو چاہیے کہ وہ صرف رمضان میں نہیں بلکہ پورے سال مساجد کی صفائی کا خیال رکھیں۔
حجت الاسلام والمسلمین محمدی لائینی نے کہا کہ ایک خوبصورت، کشادہ اور صاف مسجد نوجوانوں کو اپنی طرف توجہ دلاتی ہے اور مساجد کو بہترین حالت میں رکھنا ضروری ہے۔
انہوں نے زور دیا کہ ہمیں حضرت ابراہیم اور حضرت اسماعیل علیہم السلام کی طرح اللہ کے گھروں کے خدمت گزار بننا چاہیے اور سب سے بڑھ کر اپنے دلوں کو بھی ہر طرح کی آلودگی سے پاک کرنا چاہیے تاکہ اللہ کا نور ہمارے دلوں میں روشن ہو۔
آپ کا تبصرہ