منگل 11 مارچ 2025 - 08:00
قم شہر کی 20 مساجد میں مبلغات مفسر قرآن کی حیثیت سے خدمات انجام دے رہی ہیں / علوم قرآنی اور تفسیر کی تعلیم پر خصوصی توجہ کی ضرورت ہے

حوزہ / جامعۃ الزہرا(س) کی مدیر نے علوم قرآنی اور تفسیر کلام وحی کی تعلیم پر اس ادارے کی خصوصی توجہ کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا: ماہ رمضان میں قم شہر کی مساجد میں خواتین طلبہ مجمع عالی تفسیر کے تعاون سے بطور مفسر قرآن سرگرمیاں انجام دے رہی ہیں۔

حوزہ نیوز ایجنسی | بین الاقوامی قرآن کریم کی نمائش میں مصلیٰ تہران میں موجود حوزہ نیوز ایجنسی کے نامہ نگار سے گفتگو کرتے ہوئے جامعۃ الزہرا (س) کی مدیر محترمہ سیدہ زہرا برقعی نے کہا: اس سال قرآن کریم کی نمائش میں گذشتہ برسوں کے مقابلے میں علمی اور معیاری لحاظ سے نمایاں ترقی دیکھنے کو ملی ہے، خاص طور پر حوزوی سیکشن میں جو جدید میڈیا اور ڈیجیٹل اسپیس سے استفادے کے ساتھ عصری تقاضوں سے ہم آہنگ تھا۔

مدیر جامعۃ الزہرا (س) نے خالص قرآنی تعلیمات کے فروغ کی راہ میں مزید محنت کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا: قرآنی تعلیم کے فروغ میں مسلسل کوششوں کی ضرورت ہے۔ جامعۃ الزہرا(س) میں تاسیس کے آغاز سے ہی قرآن اور اس کی تعلیمات کو بنیادی حیثیت حاصل رہی ہے، اسی بنا پر علوم قرآن و حدیث اور تفسیر علوم قرآن کے شعبے ابتدا ہی سے اس ادارے کے تخصصی شعبوں میں شامل رہے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا: جامعۃ الزہرا (س) میں گذشتہ برسوں کے دوران بڑی تعداد میں فارغ التحصیل طلبہ سامنے آئی ہیں، جن کی بعض تحقیقی کاوشیں قرآن کریم کی نمائش میں عوام کے مشاہدے کے لیے پیش کی گئی ہیں۔ علاوہ ازیں، ان شعبوں سے فارغ التحصیل ہونے والے افراد ملک بھر میں قرآنی تعلیم، تلاوت اور تفسیر قرآن کے امور کی انجام دہی میں سرگرم ہیں۔

محترمہ سیدہ زہرا برقعی نے کہا: اس سال مجمع عالی تفسیر کے ساتھ ہونے والے تعاون کے تحت قم شہر کی 20 مساجد میں ہماری مبلغات مفسر قرآن کی حیثیت سے خدمات انجام دے رہی ہیں۔ ہمیں امید ہے کہ آنے والے برسوں میں اس سلسلے کو مزید وسعت دی جائے گی اور پورے ملک میں اس اہم قرآنی سرگرمی کو فروغ دیا جائے گا۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha