حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، ایران کے صوبہ فارس میں ولی فقیہ کے نمائندے، حجت الاسلام والمسلمین لطف اللہ دژکام نے شیراز میں منعقدہ ایک تقریب میں کہا ہے کہ حضرت امام مہدی(عج) کے ظہور کے ساتھ عقلِ بشری میں ترقی و کمال آئے گی اور سماجی انصاف کے اصول عملی طور پر نافذ ہوں گے۔
انہوں نے قرآن کریم کی تعلیمات کی روشنی میں عادلانہ تقسیمِ دولت پر زور دیا اور کہا کہ اللہ تعالیٰ نے رزق و دولت سب کے لیے مقرر کر دی ہے، مگر اس کی منصفانہ تقسیم انسانوں کی ذمہ داری ہے۔ انہوں نے امیرالمؤمنین علی(ع) کا قول نقل کرتے ہوئے کہا کہ فقرا کی روزی، اغنیا کے اموال میں رکھی گئی ہے، اور اسی اصول کے مطابق عادلانہ تقسیم ضروری ہے۔
انہوں نے عالمی اقتصادی نظریات پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ لبرل جمہوریت اور سوشلسٹ حکومتیں دونوں ہی دولت کی منصفانہ تقسیم میں ناکام رہی ہیں۔ تاہم، مسلمانوں کو اسلامی تعلیمات کی روشنی میں عملی اقدامات اٹھانے چاہئیں تاکہ سماجی انصاف کو فروغ دیا جا سکے۔
حجت الاسلام دژکام نے کہا کہ حضرت امام مہدی(عج) کے ظہور کے بعد انسان کی فکری و اخلاقی سطح بلند ہوگی اور ایک مہذب معاشرہ تشکیل پائے گا جہاں کوئی سیر ہو کر نہ سوئے گا جب تک کہ دوسرے بھوکے رہیں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اسراف اور بے جا اخراجات اسلامی تعلیمات کے منافی ہیں اور انسانیت کا تقاضہ ہے کہ دولت کو فلاحی کاموں میں خرچ کیا جائے۔
آپ کا تبصرہ