اتوار 23 مارچ 2025 - 09:00
امیرالمؤمنین علی (ع) قرآن ناطق اور حق و باطل کے درمیان معیار ہیں

حوزہ/ حجت الاسلام رکنی حسینی نے کہا: امیرالمؤمنین علی علیہ السلام سب سے پہلے رسول خدا صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم پر ایمان لانے والے، اسلام کے حقیقی مدافع اور اسلامی معاشرے میں عدل و انصاف کا نمونہ تھے۔

حوزہ نیوز ایجنسی کے مطابق، ایران کے شہر گناوہ کے امام جمعہ حجت الاسلام سید عبدالہادی رکنی حسینی نے شہادت حضرت علی علیہ السلام کی مناسبت سے ہیئت انصار المہدی (عجل) کی جانب سے منعقدہ مجلس عزاداری میں خطاب کے دوران محبینِ اہل بیت علیہم السلام کو تعزیت پیش کی اور امیرالمؤمنین علیہ السلام کی تاریخ اسلام میں عظیم منزلت کو بیان کیا۔

انہوں نے کہا: رمضان المبارک کی اکیسویں شب اسلامی تاریخ کی اہم ترین اور اثر انگیز راتوں میں سے ایک ہے۔ امیرالمؤمنین علیہ السلام وہ ہستی ہیں جو اپنی ولادت سے لے کر لمحہ شہادت تک، ایک لمحہ بھی ذاتِ الٰہی سے دور نہ ہوئے۔ وہ سب سے پہلے ایمان لانے والے، اسلام کے سچے مدافع اور اسلامی سماج میں عدل و انصاف کا مظہر تھے۔

حجت الاسلام رکنی حسینی نے امام علی علیہ السلام کی مظلومیت کو بیان کرتے ہوئے کہا: یہ کیسے ممکن ہے کہ وہ شخصیت، جس نے اپنی پوری زندگی اسلام اور الٰہی اقدار کے دفاع میں بسر کی، شہادت کے بعد اس قدر تنہائی اور غربت میں دفن ہوں کہ ان کا مزار ایک صدی سے زیادہ عرصے تک مخفی رہے؟ یہ مظلومیت ان دیرینہ دشمنیوں اور کینوں کا نتیجہ ہے جو حضرت علی علیہ السلام کے خلاف پائے جاتے تھے۔

شہر گناوہ کے امام جمعہ نے اسلامی روایات کے حوالے سے امیرالمؤمنین علیہ السلام کی بےنظیر شخصیت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا: رسول اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے امام علی علیہ السلام کے بارے میں فرمایا: "علی کو صرف میں اور خدا ہی پہچانتے ہیں۔" یہ جملہ اس ہستی کی عظمت اور ان کے منفرد مقام کو ظاہر کرتا ہے۔ وہ قرآن ناطق اور حق و باطل کے درمیان معیار تھے۔

انہوں نے شب قدر کی اہمیت اور اس کا امیرالمؤمنین علیہ السلام کی ذات سے تعلق بیان کرتے ہوئے کہا: یہ رات، فرشتوں کے نزول اور قرآن ناطق کی شب ہے۔ جس طرح قرآن، بشریت کی ہدایت کی کتاب ہے، اسی طرح امیرالمؤمنین علیہ السلام امتِ اسلامی کے حقیقی رہنما تھے۔ وہ ایمان اور نفاق کا معیار ہیں؛ ان کی محبت ایمان کی علامت اور ان سے دشمنی نفاق کی نشانی ہے۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha