ہفتہ 29 مارچ 2025 - 23:23
میلبورن میں مولانا ابوالقاسم رضوی کی میزبانی میں علمی و دینی نشست اور افطار کا انعقاد

حوزہ/ شیعہ علماء کونسل آسٹریلیا کے صدر اور امام جمعہ میلبورن مولانا ابوالقاسم رضوی کی میزبانی میں ماہِ رمضان کی مناسبت سے ایک بابرکت افطار اور علمی نشست کا انعقاد کیا گیا۔ اس خصوصی محفل میں وہ علمائے کرام شریک ہوئے جو تبلیغی خدمات کے سلسلے میں میلبورن میں موجود تھے۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، میلبورن، آسٹریلیا/ شیعہ علماء کونسل آسٹریلیا کے صدر اور امام جمعہ میلبورن مولانا ابوالقاسم رضوی کی میزبانی میں ماہِ رمضان کی مناسبت سے ایک بابرکت افطار اور علمی نشست کا انعقاد کیا گیا۔ اس خصوصی محفل میں وہ علمائے کرام شریک ہوئے جو تبلیغی خدمات کے سلسلے میں میلبورن میں موجود تھے۔

جسمیں مفسر قرآن مولانا ڈاکٹر حسن رضوی صاحب مولانا رضا عباس خان صاحب مولانا اصغر مرتضوی صاحب ، مولانا علی حسین حسینی صاحب ، مولانا رضا حسنین عابد صاحب ، مولانا افتخار مہدی رضوی صاحب مولانا سید محمد رضوی صاحب مولانا عابد جعفری صاحب مولانا واجد مہدوی صاحب خطیبِ اہلِ بیت مولانا محمد عباس نقوی صاحب خطیبِ اہلِ بیت مولانا سید محمد رضوی کے اسماء قابل ذکر ہیں، جس سے اس نشست کی اہمیت مزید بڑھ گئی۔

اس موقع پر معروف شاعر جناب علمدار رضوی نے اپنے کلام سے حاضرین کے دلوں کو منور کیا۔

محفل میں موجود علمائے کرام نے ملت کی مجموعی صورتِ حال، دینی و تبلیغی مسائل اور عصری چیلنجز پر سیر حاصل گفتگو کی۔ ملت کے فکری و سماجی امور پر تبادلہ خیال کرتے ہوئے موجودہ حالات کے تناظر میں تبلیغ دین کی مؤثر حکمتِ عملی پر بھی غور کیا گیا۔

اس موقع پر علماء کے اصرار پر میزبان حجة الاسلام و المسلمين مولانا سيد ابو القاسم رضوي صاحب نے اپنے مغربی دنیا میں تبلیغ کے حوالے سے تجربات بیان کئے ساتھ ہی بچوں اور نوجوانوں کی تربیت پر خصوصی توجہ کی درخواست کی۔

اس بابرکت نشست میں مختلف علمی، دینی اور سماجی شخصیات نے بھی شرکت کی، جنہوں نے اس طرح کے علمی و فکری اجتماعات کو وقت کی ضرورت قرار دیا۔

افطار کے پرنور موقع پر حاضرین نے رمضان المبارک کی روحانی فضیلتوں پر روشنی ڈالی اور اتحاد و وحدت کے فروغ پر زور دیا۔ میزبان مولانا ابوالقاسم رضوی نے تمام شرکاء کا شکریہ ادا کرتے ہوئے اس طرح کی علمی نشستوں کے تسلسل پر زور دیا۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha