بدھ 7 مئی 2025 - 08:14
نائب متولی حرم امام رضا(ع): عشرۂ کرامت کے ایّام میں 275 سے زائد دینی و ثقافتی پروگراموں کا انعقاد کیا جائے گا

حوزہ/حرم امام رضا (ع) کے نائب متولی نے عشرۂ کرامت کی مناسبت سے منعقدہ پریس کانفرنس کے دوران زیارت کے مسئلے کو منظم کرنے اور زیارت کے لیے سہولیات فراہم کرنے کے لیے قومی یکجہتی کی ضرورت پر زور دیا ہے۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق؛ حرم امام رضا علیہ السّلام کے نائب متولی جناب مصطفیٰ فیضی نے مؤرخہ 5 مئی 2025 کو عشرۂ کرامت کی مناسبت سے منعقدہ خصوصی پریس کانفرنس کے دوران شہدائے خدمت خصوصاً شہید آیت اللہ رئیسی اور ان کے ہمراہ شہید ہونے والے افراد کو خراجِ عقیدت پیش کیا اور اسی طرح بندرعباس واقعے میں وفات پانے والے افراد کے اہلخانہ کو تعزیت پیش کرتے ہوئے کہا کہ زیارت محض ایک مذہبی مسئلہ نہیں ہے، بلکہ ایک اسٹریٹجک اور قومی مسئلہ ہے۔

حرم امام رضا علیہ السّلام مختلف اداروں کے تعاون سے قومی زیارت دستاویز کو تیار کررہا ہے، تاکہ نقل و حمل، رہائش، خدمات اور زائرین کی رہنمائی کے عمل کو باقاعدہ طور پر منظم کیا جا سکے۔

جناب فیضی نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عشرۂ کرامت کے ایّام میں 275 دینی و ثقافتی پروگراموں کا انعقاد کیا جائے گا؛جنہیں حرم امام رضا(ع)،مشہد مقدس کے مضافات اور حتی دیگر صوبوں میں منعقد کیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ رہبرِ معظم انقلابِ اسلامی نے تاکید کی ہے کہ حرم امام رضا علیہ السّلام کی سماجی و ثقافتی سرگرمیوں کا دائرہِ کار وسیع کیا جائے اس بات کو مدّ نظر رکھتے ہوئے نہ فقط حرم امام رضا(ع) کے اندر، بلکہ ملک بھر میں مختلف پروگراموں کا انعقاد کریں گے۔

حرم امام رضا(ع) میں عشرۂ کرامت کے زائرین کا بھرپور استقبال

حرم امام رضا (ع) کے سربراہ اعلیٰ جناب خوراکیان نے اس پریس کانفرنس کے تسلسل میں بتایا کہ رواں سال عشرۂ کرامت کے ایّام میں 32 عوامی اور آفیشلی موکب حرم میں اور مشہد مقدس میں لگائے گئے ہیں، جن کے ذریعے چالیس لاکھ سے زائد زائرین کی پذیرائی کی جائے گی۔

انہوں نے مزید یہ بتایا کہ دولاکھ سے زائد کتب اور ثقافتی و مذہبی مصنوعات کو زائرین کے درمیان تقسیم کرنے کے لیے تیار کیا گیا ہے ۔

جناب خوراکیان نے بتایا کہ حرم امام رضا(ع) کو عشرۂ کرامت کی مناسبت سے پھولوں کے ساتھ سجایا گیا ہے اور اس کام کے لیے 17 گروپ عشق و اخلاص کے ساتھ کام انجام دے رہے ہیں۔

عشرۂ کرامت کے ایّام میں مؤرخہ 8مئی2025 کو شہید آیت اللہ سید ابراہیم رئیسی کی یاد میں خصوصی پروگرام حرم امام رضا علیہ السلام کے صحن پیامبر اعظم(ص) میں منعقد کیا جائے گا۔

پریس کانفرنس میں کرامت رضوی فاؤنڈیشن کے منیجنگ ڈائریکٹر جناب محمد حسین استاد آقا نے بتایا کہ گزشتہ سال سے اب تک حرم امام رضا علیہ السّلام کے اہم ترین اقدامات میں سے ایک یہ تھا کہ آٹھ دیہاتوں میں چار ہزار سے زائد کاروبار لوگوں کے لیے فراہم کیے گئے ہیں؛ اس کے علاوہ مخیر حضرات کے تعاون سے چھ لاکھ افراد پہلی بار حرم امام رضا(ع) کی زیارت سے مشرف ہوئے ہیں۔

اندرون ملک اور بیرون ملک میں 300 ثقافتی پروگراموں کا انعقاد

حرم امام رضا علیہ السّلام کی علمی و ثقافتی آرگنائزیشن کے سربراہ جناب عبد الحمید طالبی نے بھی اس پریس کانفرنس سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اس سال عشرۂ کرامت کا شعار اور ماٹو’’امام رضا(ع) کا ایران‘‘ انتخاب کیا گیا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ اس سال عشرۂ کرامت میں تین سو علمی و ثقافتی پروگراموں کو اندرون ملک اور بیرون ملک منعقد کیا جائے گا۔ ان پروگراموں میں سے ایک اہم ترین پروگرام چھٹی عالمی کانگریس امام رضا(ع) کی بین الاقوامی کانفرنس کا انعقاد ہے جس میں سولہ ممالک کے 21 دانشور شرکت کریں گے۔

جناب طالبی نے مزید یہ بتایا کہ زیر سایہ خورشید کے عنوان سے 65 قافلے ملک بھر میں تشریف لے جائیں گے جو دو ہزار سے زائد جگہوں پر چودہ ہزار پروگراموں کا انعقاد کریں گے۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha