بدھ 14 مئی 2025 - 22:47
شہید آیت اللہ رئیسی صداقت کا عملی نمونہ تھے

حوزہ/ خراسان جنوبی میں ولی فقیہ کے نمائندے حجت‌الاسلام والمسلمین سید علیرضا عبادی نے کہا ہے کہ شہید آیت اللہ ابراہیم رئیسی خالص صداقت اور خدمت کا پیکر تھے، جو بغیر کسی دنیوی مفاد کے، اپنی جان کی بازی لگا کر عوام کی خدمت اور جہاد کے میدان میں ڈٹے رہے۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، خراسان جنوبی میں ولی فقیہ کے نمائندے حجت‌الاسلام والمسلمین سید علیرضا عبادی نے کہا ہے کہ شہید آیت اللہ ابراہیم رئیسی خالص صداقت اور خدمت کا پیکر تھے، جو بغیر کسی دنیوی مفاد کے، اپنی جان کی بازی لگا کر عوام کی خدمت اور جہاد کے میدان میں ڈٹے رہے۔

انہوں نے بیرجند میں حوزہ علمیہ "سفیران ہدایت" کے اساتذہ اور طلاب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اللہ تعالیٰ نے انسان کو آزمایش کے لیے پیدا کیا ہے، اور "فتنہ، امتحان اور اختیار" جیسی حقیقتیں دنیاوی زندگی کی بنیاد ہیں۔ ان کے مطابق اللہ نے 1 لاکھ 24 ہزار انبیاء کو بھیج کر اتمام حجت کیا، اب یہ انسان کی اپنی انتخابی قوت ہے جو اس کی سعادت یا شقاوت کا تعین کرتی ہے، نہ کہ حالات زمانہ۔

حجت الاسلام عبادی نے موجودہ ملکی بحرانوں کا ذمہ دار اسلامی انقلاب کو نہیں بلکہ دشمن عناصر کی نفوذ، جہالت اور خودغرضی کو قرار دیتے ہوئے کہا کہ "جہاں کہیں بھی انقلابی اور اسلامی بنیادوں پر کام ہوا ہے، وہاں نمایاں کامیابیاں حاصل ہوئی ہیں، چاہے وہ علمی، عسکری یا اقتصادی میدان ہو"۔

انہوں نے کہا کہ اگر قوم اور ذمہ داران ایمانی اصولوں کی بنیاد پر عمل کریں تو کوئی مشکل باقی نہیں رہے گی۔

حجت الاسلام عبادی نے شہید آیت اللہ رئیسی کی شخصیت کو "خدمتگزاری، صداقت اور خلوص" کی مجسم تصویر قرار دیا اور کہا: "اگر تمام افراد اسی طرح خلوص نیت سے عمل کریں، تو ملک بہت جلد تمام مشکلات سے عبور کر جائے گا۔"

ان کا کہنا تھا کہ آج حق و باطل کی عالمی کشمکش شدت اختیار کر چکی ہے، اور اسلامی انقلاب، مغربی لیبرل ڈیموکریسی کے سامنے سیسہ پلائی دیوار بنا ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دنیا بھر میں، حتیٰ کہ مغرب میں بھی، عوام استکباری ظلم کے خلاف بیدار ہو رہے ہیں اور یہ آئندہ فتحِ حق کی نوید ہے۔

انہوں نے زور دیا کہ دشمن اپنی فریب دہی کے ذریعے حقیقی چہرہ چھپانے کی کوشش میں ہے، اس لیے روحانیت اور دینی نخبگان کا فرض ہے کہ نوجوانوں کو ان سازشوں سے آگاہ کریں۔

آخر میں انہوں نے مرحوم آیت اللہ حائری شیرازی کی پیش گوئی کا حوالہ دیتے ہوئے کہا: "دنیا بہت جلد دو حصوں میں تقسیم ہو جائے گی: ایک طرف فریب کار خائنین مغرب کی قیادت میں، اور دوسری طرف مؤمن خداپرست، جن کی قیادت ایران کرے گا۔ آج اس تبدیلی کی نشانیاں واضح ہو چکی ہیں، اور بالآخر کامیابی اسلام اور انقلاب کی ہوگی۔"

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha