حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، انسان کی تخلیق دو پہلوؤں، جسم و روح، پر مشتمل ہے اور اس کی ضروریات بھی مادی و روحانی جہتوں میں تقسیم ہوتی ہیں۔ اسی لیے انسان کی فلاح و کمال کے لیے ضروری ہے کہ دونوں پہلوؤں میں متوازن، با مقصد اور ہدایت یافتہ پیش رفت ہو۔ حکومت امام مہدی عجل اللہ تعالی فرجہ الشریف کا اہم ترین ہدف، انسان کو اس کامل زندگی کی طرف لے جانا ہے جو اس کے شایانِ شان اور مقصدِ خلقت سے ہم آہنگ ہو۔
حیاتِ معنوی کا احیاء
آج کی دنیا میں روحانیت اور انسانی اقدار تقریباً دم توڑ چکی ہیں۔ خواہشاتِ نفسانی، شیطانی وسوسوں اور مادی رنگینیوں نے انسان کو اس کی اصل فطرت اور معنوی حقیقت سے دور کر دیا ہے۔ امام مہدی علیہ السلام کی حکومت میں انسان کی روحانی فطرت کو پھر سے زندہ کیا جائے گا اور اسے حقیقی زندگی کا ذائقہ چکھایا جائے گا، جیسا کہ قرآن فرماتا ہے:
«یَا أَیُّهَا الَّذِینَ آمَنُوا اسْتَجِیبُوا لِلَّهِ وَلِلرَّسُولِ إِذَا دَعَاکُمْ لِمَا یُحْیِیکُمْ»
(سورہ انفال، آیت ۲۴)
"اے ایمان والو! اللہ اور رسول کی دعوت پر لبیک کہو جب وہ تمہیں ایسی چیز کی طرف بلائیں جو تمہیں زندگی بخشے۔"
یہی زندگی، یعنی حیاتِ معنوی، انسان کو حیوانات سے ممتاز کرتی ہے، اور یہی روحانی زندگی امام مہدی علیہ السلام کے عہد میں بحال ہو گی۔
عدل و انصاف کا عالمی قیام
دنیا کا سب سے پرانا زخم ظلم اور اجتماعی ناانصافی ہے۔ ہمیشہ کچھ انسان بھرے پیٹ، شاہی محلوں میں رہے ہیں جبکہ کچھ ننگ و ناداری کے عالم میں گلیوں میں سوئے ہیں۔ کوئی دور ایسا نہیں گزرا کہ دنیا میں وسائل و حقوق کی منصفانہ تقسیم ہوئی ہو۔ لیکن بشریت کا یہ دیرینہ خواب امام مہدی علیہ السلام کی حکومت میں شرمندۂ تعبیر ہو گا۔
حضرت امام حسین علیہ السلام فرماتے ہیں:
«لَوْ لَمْ یَبْقَ مِنَ الدُّنْیَا إِلَّا یَوْمٌ وَاحِدٌ... فَیَمْلَأَهَا عَدْلًا وَ قِسْطًا كَمَا مُلِئَتْ جَوْرًا وَ ظُلْمًا...»
(کمال الدین، ج ۱، ص ۳۱۷)
"اگر دنیا کی عمر صرف ایک دن بھی باقی ہو تو اللہ اسے اتنا طول دے گا کہ میرے ایک فرزند ظہور کریں گے اور زمین کو عدل و انصاف سے بھر دیں گے جیسے وہ ظلم و جور سے بھر چکی ہو۔"
یہ اور اس جیسے درجنوں احادیث اس عالمی عدل کے قیام کی بشارت دیتی ہیں۔
خلاصہ
حکومت امام مہدی علیہ السلام کا مقصد انسان کو اس کے حقیقی مقام تک پہنچانا ہے:
روحانی زندگی کی بحالی تاکہ وہ اللہ سے قرب حاصل کرے۔
عدل و انصاف کا قیام تاکہ ہر انسان کو اس کا حق ملے۔
یہ دونوں پہلو انسانی کمال کی بنیاد ہیں اور امام مہدی علیہ السلام کی حکومت ان ہی بنیادوں پر استوار ہو گی۔
جاری ہے...
ماخوذ از: کتاب «نگین آفرینش»









آپ کا تبصرہ