پیر 2 جون 2025 - 18:29
تمام امور خدا کی مشیّت سے انجام پاتے ہیں / زندگی میں خدا کی موجودگی کا شعور ضروری ہے

حوزہ/ امام خمینیؒ تعلیمی و تحقیقی ادارے کے رکن حجت‌الاسلام والمسلمین سید احمد فقیہی نے کہا ہے کہ تمام کائناتی امور خداوند متعال کی مشیّت سے انجام پاتے ہیں، اور ایک مؤمن کو چاہیے کہ وہ اپنی زندگی میں خدا کی دائمی موجودگی کا شعور حاصل کرے تاکہ مایوسی اور ناامیدی سے بچ سکے۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، امام خمینیؒ تعلیمی و تحقیقی ادارے کے رکن حجت‌الاسلام والمسلمین سید احمد فقیہی نے کہا ہے کہ تمام کائناتی امور خداوند متعال کی مشیّت سے انجام پاتے ہیں، اور ایک مؤمن کو چاہیے کہ وہ اپنی زندگی میں خدا کی دائمی موجودگی کا شعور حاصل کرے تاکہ مایوسی اور ناامیدی سے بچ سکے۔

یہ بات انہوں نے امام خمینیؒ تعلیمی و تحقیقی ادارے میں "ادارۂ بحری دفاعی صنعتیں" کے سربراہان اور ماہرین کے ساتھ منعقدہ ایک نشست کے دوران کہی۔

انہوں نے قرآن کریم کی آیت «وَأَلْقَیْتُ عَلَیْکَ مَحَبَّةً مِّنِّی» (اور میں نے اپنی طرف سے تم پر محبت ڈال دی) کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا: اللہ تعالیٰ نے حضرت موسیٰ علیہ السلام کی محبت فرعون کے دل میں ڈال دی، اور یہ اس بات کی دلیل ہے کہ دنیا کے تمام امور اللہ کی اجازت اور ارادے سے انجام پاتے ہیں۔

حجت‌الاسلام فقیہی نے دعائے عرفہ کا حوالہ دیتے ہوئے کہا: اس دعا میں آیا ہے کہ "جو شخص خدا کو نہیں دیکھتا وہ اندھا ہے"۔ اس کا مطلب یہ ہے کہ پوری کائنات اللہ تعالیٰ کی نگرانی اور تدبیر کے تحت ہے، اور ایک سچے مؤمن کو ہمیشہ اسی شعور کے ساتھ زندگی بسر کرنی چاہیے تاکہ اس کی زندگی میں شادابی اور حلاوت پیدا ہو۔

انہوں نے آیت‌اللہ بہجتؒ کے ایک قول کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا: آیت‌اللہ بہجتؒ فرمایا کرتے تھے کہ "اگر لوگوں کو دو رکعت نماز کی اصل لذت معلوم ہو جائے تو سب نماز کی طرف لپکیں گے"۔ یہ جملہ اس بات کی گواہی ہے کہ وہ حقیقت میں معرفتِ الٰہی کی گہرائی تک پہنچے ہوئے تھے۔

انہوں نے مزید کہا: قرآن کی آیت «تعِزُّ مَن تَشاءُ و تُذِلُّ مَن تَشاءُ» (تو جسے چاہے عزت دے اور جسے چاہے ذلیل کر دے) کے مطابق سب کچھ اللہ تعالیٰ کی مرضی سے ہوتا ہے۔ اس حقیقت کو سمجھنا انسان کو دنیوی وابستگیوں سے نجات دلاتا ہے اور اسے اللہ کی قربت کی راہ پر ڈال دیتا ہے؛ جیسا کہ حضرت یوسفؑ بھی اللہ کی مشیّت سے مصر کے عزیز بنے۔

آخر میں حوزہ علمیہ قم کے اس استاد نے تاکید کی: اگر انسان اس بات پر ایمان نہ لائے کہ تمام امور کی تدبیر خدا کے ہاتھ میں ہے، تو وہ مایوس ہو جائے گا؛ لیکن اگر اس عقیدے تک پہنچ جائے، تو سختیوں کے سامنے صبر سے کام لے گا اور ہمیشہ خدا کی رضا کی تلاش میں رہے گا۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha