بدھ 4 جون 2025 - 19:14
مدارس ہماری شناخت ہیں، ہم اسے مٹنے نہیں دیں گے: مولانا ارشد مدنی

حوزہ/ جمعیۃ علمائے ہند کے صدر مولانا ارشد مدنی نے کہا ہے کہ مدارس ہماری مذہبی، تہذیبی اور قومی شناخت کا حصہ ہیں، اور ہم اپنی اس شناخت کو ہرگز مٹنے نہیں دیں گے۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، جمعیۃ علمائے ہند کے صدر مولانا ارشد مدنی نے کہا ہے کہ مدارس ہماری مذہبی، تہذیبی اور قومی شناخت کا حصہ ہیں، اور ہم اپنی اس شناخت کو ہرگز مٹنے نہیں دیں گے۔

یہ بات انہوں نے اترپردیش کے ضلع اعظم گڑھ کے علاقے سرائے میر میں منعقدہ "آل انڈیا مدرسہ سکیورٹی کانفرنس" سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے کہا کہ یہ محض ایک روایتی اجتماع نہیں، بلکہ موجودہ سنگین حالات کے تناظر میں مدارس کے تحفظ، ان کے مستقبل اور حکمت عملی طے کرنے کے لیے ایک نہایت اہم موقع ہے۔

مولانا ارشد مدنی نے کہا کہ مدارس صرف تعلیمی ادارے نہیں بلکہ ایسی روحانی درسگاہیں ہیں جہاں نئی نسل کی فکری اور اخلاقی تربیت کی جاتی ہے، اور انہیں ملک و ملت کی خدمت کے لیے تیار کیا جاتا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ آج جن مدارس کو غیر قانونی قرار دے کر بند کیا جا رہا ہے، انہی مدارس سے ایک زمانے میں برطانوی سامراج کے خلاف سب سے پہلے آواز بلند ہوئی تھی۔

مولانا ارشد مدنی نے بعض ریاستی حکومتوں پر الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ اترپردیش، اتراکھنڈ، آسام اور ہریانہ سمیت کئی ریاستوں میں مدارس اور مساجد کے خلاف جو اقدامات کیے جا رہے ہیں، وہ مذہبی بنیاد پر مبنی ہیں، جو آئین ہند کی روح کے منافی ہیں۔

انہوں نے سوال اٹھایا کہ ایک جمہوری اور سیکولر ملک میں اس طرح کا امتیازی سلوک کیوں؟ جب کہ آئین ہر شہری کو برابری کے حقوق اور مساوی مواقع فراہم کرتا ہے۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha