جمعہ 13 جون 2025 - 23:04
دنیا میں طالب علمی سے بڑھ کر کوئی کام نہیں

حوزہ/ نمائندہ ولی فقیہ اور امام جمعہ اصفہان آیت اللہ سید یوسف طباطبائی نژاد نے کہا ہے کہ دنیا میں طالب علمی سے بڑھ کر کوئی کام نہیں، کیونکہ یہ راستہ انسان کو خدا سے آشنا کرتا ہے اور انسان اس کے ذریعے اپنی دنیا و آخرت کو سنوارتا ہے، جبکہ دنیا کے اکثر لوگ خدا سے غافل ہیں۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق ، نمائندہ ولی فقیہ اور امام جمعہ اصفہان آیت اللہ سید یوسف طباطبائی نژاد نے کہا ہے کہ دنیا میں طلب علمی سے بڑھ کر کوئی کام نہیں، کیونکہ یہ راستہ انسان کو خدا سے آشنا کرتا ہے اور انسان اس کے ذریعے اپنی دنیا و آخرت کو سنوارتا ہے، جبکہ دنیا کے اکثر لوگ خدا سے غافل ہیں۔

یہ بات انہوں نے اصفہان میں حوزہ علمیہ "صدر بازار" میں منعقدہ ۱۶۰ طلباء کی عمامہ بندی کی پرشکوہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ اس روحانی اجتماع میں طلبہ کے خاندان بھی شریک تھے۔

طلبگی ایک منفرد مقام اور نمونہ عمل ہے

آیت اللہ طباطبائی نژاد نے اس تقریب کو اصفہان میں ایک منفرد دینی روایت قرار دیا اور کہا کہ اس طرز کی تقریب نہ صرف ملک کے دوسرے حصوں میں کم یاب ہے بلکہ بیرونِ ملک بھی ایسی مثال نہیں ملتی۔ انہوں نے اس اجتماع کو "امیرالمؤمنین علیہ السلام کی عمامہ بندی کی شب" سے نسبت دیتے ہوئے اسے ایک قابل قدر دینی روایت قرار دیا۔

لباسِ روحانیت کی حرمت و ذمہ داریاں

امام جمعہ اصفہان نے طلاب کو یاد دہانی کرائی کہ لباس روحانیت کے آداب اور اس کی حرمت کا خیال رکھنا واجب ہے، کیونکہ یہ لباس انبیاء و ائمہؑ کا لباس ہے۔ انہوں نے کہا کہ جب انسان یہ لباس پہنتا ہے تو اس کی گفتگو، چال ڈھال، اور رویہ سب میں وقار اور سنجیدگی نمایاں ہونی چاہیے۔

انہوں نے کہا: "لباسِ روحانیت پہننے کے بعد، انسان کو اپنی حرکات سکنات اور طرزِ کلام میں وقار اور سنجیدگی کا مظاہرہ کرنا چاہیے، کیونکہ یہ صرف ایک لباس نہیں بلکہ ایک دینی پیغام اور ذمہ داری ہے۔"

علمی و اخلاقی میدان میں خاندان کے لیے نمونہ بنیں

آیت اللہ طباطبائی نژاد نے کہا کہ طلبہ کو اپنے گھروں میں اسلامی اخلاق اور تعاون کا عملی نمونہ بننا چاہیے۔ انہوں نے زور دیا کہ اسلامی گھرانے میں حاکم و محکوم کا تصور نہیں ہونا چاہیے بلکہ طلاب کو چاہیے کہ وہ اپنے رویے سے دینی اقدار کو مجسم کریں۔

طلبگی؛ رسول خدا کا پسندیدہ مشن

آیت اللہ طباطبائی نژاد نے رسول اکرمؐ کی ایک حدیث کی روشنی میں طلبگی کو انتہائی بلند و بالا مقام قرار دیا، جس میں رسول خداؐ نے حضرت امیرالمؤمنینؑ سے فرمایا:

"اگر تمہارے ذریعے ایک فرد کی بھی ہدایت ہو جائے، تو یہ تمہارے لیے اس سے بہتر ہے کہ تمہیں وہ سب کچھ ملے جس پر سورج طلوع ہوتا ہے۔"

طلبہ کو حوصلہ نہ ہارنے کی نصیحت

آخر میں انہوں نے طلاب کو نصیحت کی کہ وہ حصولِ علم کے راستے میں حوصلہ و استقامت کا مظاہرہ کریں اور منفی وسوسوں یا غلط تشہیر سے متاثر ہو کر علم دین سے منہ نہ موڑیں۔

آیت اللہ طباطبائی نژاد نے طلبگی کو نہ صرف دنیا کا بہترین عمل قرار دیا، بلکہ طلاب کو دینی و اخلاقی میدان میں عملی نمونہ بننے کی تاکید کی، اور حوزہ علمیہ اصفہان کی علمی پیشرفت کو سراہتے ہوئے طلاب کو راہِ علم پر ثابت قدم رہنے کی تلقین کی۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha