حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، جموں کشمیر کے علاقے رہائی خانپور میں جشنِ عیدِ سعید غدیر (عیدِ اکبر) نہایت عقیدت، روحانیت اور والہانہ جذبے کے ساتھ منایا گیا۔ اس پُروقار موقع پر مولانا شیخ ریاض علی کشمیری نے خصوصی خطاب کیا۔
انہوں نے بیان کیا کہ عیدِ غدیر درحقیقت ولایت کی بقا اور اس کے دفاع کا دن ہے۔ یہ عید وہ مبارک دن ہے جس میں نبی کریم (ص) نے اعلانِ ولایت علیؑ فرمایا اور امتِ مسلمہ کو ایک روشن راستہ عطا کیا۔ انہوں نے تمام مسلمانوں، بالخصوص محبانِ ولایت کو دل کی گہرائیوں سے مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا: میں اس بافضیلت دن کے موقع پر پوری دنیا کے مسلمانوں، اپنے عزیز بھائیوں اور بہنوں کو دلی تبریک پیش کرتا ہوں۔ اللہ تعالیٰ ہم سب کو ولایتِ علیؑ کی سچی معرفت اور اس پر عمل کی توفیق عطا فرمائے۔

شیخ ریاض علی کشمیری نے موجودہ عالمی صورتِ حال پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا: ایک طرف ہم عیدِ ولایت منا رہے ہیں، تو دوسری طرف بعض مسلم اقوام ظلم و جارحیت کا سامنا کر رہی ہیں۔ حالیہ دنوں میں اسلامی جمہوریہ ایران کی عظیم قوم کو فجر کے وقت صیہونی حکومت کے بزدلانہ حملے کا نشانہ بنایا گیا، جس میں رہائشی مقامات پر بمباری کر کے نہ صرف انسانی حقوق کی خلاف ورزی کی گئی بلکہ دشمن نے اپنی شیطانی فطرت کو ایک بار پھر بے نقاب کر دیا۔
انہوں نے واضح انداز میں کہا: اسلامی جمہوریہ کی مسلح افواج ان شاء اللہ اس جارحیت کا منہ توڑ جواب دیں گی۔ اس حملے میں کئی ممتاز کمانڈر اور سائنسدان شہید ہوئے، لیکن ان کے جانشین اور ہمدم فوری طور پر اپنی ذمہ داریاں سنبھالنے کے لیے تیار ہیں۔ دشمن نے اپنے لیے ایک تلخ انجام تیار کر لیا ہے، جو ان شاء اللہ بہت جلد سامنے آئے گا۔
مزید برآں، شیخ صاحب نے ایران میں زیر تعلیم تمام طلبا کے والدین کو اطمینان دلاتے ہوئے کہا: تمام طلبا بحمداللہ خیریت سے ہیں اور ہر طرح سے محفوظ ہیں۔ والدین کسی طرح کی بھی تشویش میں مبتلا نہ ہوں۔









آپ کا تبصرہ