حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، امام جمعہ بغداد آیت اللہ سید یاسین موسوی نے ٹرمپ کے مجرمانہ اور گستاخانہ بیانات کے بعد ایک سخت اور شدید بیان جاری کیا ہے۔ جس کا متن حسبِ ذیل ہے:
بسم الله الرحمن الرحیم
خداوند متعال فرماتا ہے: "إِنَّ فِرْعَوْنَ عَلَا فِی الْأَرْضِ وَجَعَلَ أَهْلَهَا شِیَعًا" یعنی بیشک فرعون نے زمین میں سرکشی کی اور وہاں کے لوگوں کو گروہوں میں تقسیم کیا۔ (قصص 4)۔
ٹرمپ نے بھی زمین میں سرکشی اور طغیان کیا اور اس راہ میں مغربی و عربی ممالک کے بزدل حکمرانوں نے اس کی مدد کی، مگر اس نے ان سب کو کمزور سمجھا اور ذلیل کیا کیونکہ ان میں عزت، شجاعت اور جرأت نہ پائی۔ قرآن ان کے بارے میں فرماتا ہے: "وَضُرِبَت عَلَیهِمُ الذِّلَّةُ وَالمَسکَنَةُ وَباءوا بِغَضَبٍ مِنَ اللَّهِ" ذلت اور محتاجی ان پر مسلط کر دی گئی اور وہ خدا کے غضب کے مستحق ہوئے» (بقرہ 61)۔
انہوں نے کہا: ٹرمپ کی سرکشی اس وجہ سے بڑھی ہے کہ کوئی اس کے مقابلے میں کھڑا نہیں ہوا اور اس نے باطل گمان کرتے ہوئے مقدس ترین شخصیت یعنی امام خامنہ ای (روحی فداه) اور قلعہ مرجعیت کو دھمکی دینے کی جسارت کی ہے۔
آیت اللہ موسوی نے کہا: اے فرعونِ آخرالزمان! کیا تو نہیں جانتا کہ یہ معرکہ ماضی کی تاریخی نبردوں کی ہیرپھیر ہے؟ خداوند فرماتا ہے: "وَقَالَ فِرْعَوْنُ ذَرُونِی أَقْتُلْ مُوسَیٰ وَلْیَدْعُ رَبَّهُ ۖ إِنِّی أَخَافُ أَنْ یُبَدِّلَ دِینَکُمْ أَوْ أَنْ یُظْهِرَ فِی الْأَرْضِ الْفَسَادَ (۲۶) وَقَالَ مُوسَیٰ إِنِّی عُذْتُ بِرَبِّی وَرَبِّکُمْ مِنْ کُلِّ مُتَکَبِّرٍ لَا یُؤْمِنُ بِیَوْمِ الْحِسَابِ " اور فرعون نے کہا: موسیٰ کو قتل کرنے دو اور وہ اپنے رب کو پکارے! میں ڈرتا ہوں کہ وہ تمہارا دین بدل ڈالے یا زمین میں فساد پھیلائے۔ موسیٰ نے کہا: میں اپنے رب اور تمہارے رب کی پناہ لیتا ہوں ہر اس متکبر سے جو روز حساب پر ایمان نہیں رکھتا۔ (غافر 26و 27)۔
انہوں نے مزید کہا: ہمارے رہبر (دام ظلہ) پہلے بھی فرماتے رہے ہیں کہ وہ اس معرکہ کو قاطع ارادے اور کامل بصیرت کے ساتھ آخری مرحلے تک جاری رکھیں گے اور امریکہ کو دو ٹوک پیغام دے چکے ہیں: "إِنَّ مَعِیَ رَبِّی " یقیناً میرا پروردگار میرے ساتھ ہے۔ (شعرا 62) اور خدا جس کے ساتھ ہو وہ یقینی طور پر کامیاب ہے۔
آیت اللہ موسوی نے عالم اسلام، مشرق و مغرب کے مسلمانوں بالخصوص حوزات علمیہ اور مراجع کرام (دامت افاضاتهم) سے مطالبہ کیا کہ وہ اس ناپاک اور ناقابلِ معافی اقدام کی سخت مذمت کریں۔
انہوں نے کہا: امت اسلامیہ پر لازم ہے کہ اس مقدس جنگ میں، جو صہیونی مسیحی اور یہودی صلیبی طاقتوں نے ایران پر مسلط کی ہے، جمہوریہ اسلامی ایران کی مکمل حمایت اور یکجہتی کا اعلان کرے اور ہر کوئی اپنی توان کے مطابق سوشل میڈیا، ثقافتی و بیداری اجتماعات اور دیگر ذرائع کے ذریعے امت اسلامیہ کو بیدار اور منظم کرے اور جان لو کہ خدا کا وعدۂ نصرت بہت قریب ہے: "وَمَا النَّصْرُ إِلَّا مِنْ عِنْدِ اللَّهِ الْعَزِیزِ الْحَکِیمِ"اور نصرت تو صرف اللہ غالب و حکیم کی طرف سے ہے۔ (آل عمران 126)۔









آپ کا تبصرہ