بدھ 18 جون 2025 - 13:37
آیت اللہ العظمی خامنہ‌ای کی توہین یعنی پوری امتِ اسلامیہ کے خلاف اعلانِ جنگ

حوزہ/ طلابِ حوزہ علمیہ نجف نے ایک بیان جاری کرتے ہوئے ٹرمپ کی گستاخانہ دھمکیوں کی شدید مذمت کی اور مرجعیت شیعہ کو مقدساتِ اسلامی کی علامت قرار دیا۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، طلاب حوزہ علمیہ نجف اشرف کے ایک گروہ نے امریکہ کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے ولی فقیہ اور مرجع عالی‌قدر حضرت آیت اللہ العظمیٰ سید علی خامنہ‌ای کے خلاف دی گئی دھمکیوں کو شدید الفاظ میں گستاخی، حماقت اور توہینِ مرجعیت قرار دیا ہے اور ایک باضابطہ بیان جاری کرتے ہوئے کہا ہے: "ہر قسم کی توہین اور جارحیت، آیت اللہ العظمی خامنہ‌ای کی ذاتِ گرامی تک محدود نہیں بلکہ پوری امتِ اسلامیہ کے خلاف کھلی جنگ ہے، اور یہ اسلامی تمدن کے خلاف سنگین خیانت ہے۔"

بیان میں کہا گیا ہے:

بسم اللہ الرحمن الرحیم

﴿وَلَیَنْصُرَنَّ اللَّهُ مَنْ یَنْصُرُهُ إِنَّ اللَّهَ لَقَوِیٌّ عَزِیزٌ﴾ (سورہ حج: 40)

یہ بیان ان بے شرمانہ اور گستاخانہ دھمکیوں کی شدید مذمت کے طور پر جاری کیا گیا ہے جو حالیہ دنوں میں امریکی صدر کی جانب سے مرجع عالی‌قدر حضرت آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ‌ای (دام‌ظله) کے خلاف سامنے آئی ہیں، جو کہ دور حاضر میں امتِ اسلامی کی مزاحمت اور عزت و افتخار کی علامت ہیں۔

یہ جنون پر مبنی اور بے سابقہ اقدام، جو امریکی صدر کی طرف سے سامنے آیا، در حقیقت وائٹ ہاؤس کی اخلاقی پستی اور سیاسی حماقت کی کھلی علامت ہے۔

یہ ناپاک و سخیف عمل، استکباری نظامِ امریکہ کے چہرے سے نقاب ہٹاتا ہے، ایسا نظام جو نہ انسانی اصولوں کا پابند ہے اور نہ ہی اقوام کی عزت و کرامت کا قائل ہے، بلکہ اسلامی مقدسات کی توہین اور امت کے تشخص کی تحقیر پر کمربستہ ہے۔

مرجعیت شیعہ صرف ایک سیاسی مقام نہیں بلکہ ایک ایسا نورانی مرکز ہے جو امتِ اسلامیہ کی رہنمائی، اتحاد اور بیداری کی علامت ہے؛ ایران، عراق، لبنان، یمن، بحرین، پاکستان اور دیگر سرزمینوں میں مرجعیت شیعہ، دینی شعور اور توحیدی تہذیب کی روح رواں ہے۔

اس عظیم ہستی پر کسی بھی قسم کی جسارت، امتِ اسلامیہ کے خلاف اعلانِ جنگ اور ہماری الٰہی تہذیب کے خلاف کھلی خیانت شمار ہوتی ہے۔

ہم امریکہ اور اس کے علاقائی مزدوروں کو خبردار کرتے ہیں کہ اگر مرجعیت کی حرمت پر دست درازی کی جسارت کی گئی تو ہم ایسی آگ بھڑکائیں گے جسے بجھانا ممکن نہ ہوگا۔

ہم حوزہ علمیہ نجف کے طلاب اعلان کرتے ہیں کہ: ہماری جانیں مرجعیت پر قربان ہیں، ہم اپنے خون کے آخری قطرے تک آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ‌ای (دام‌ظله) کے ساتھ کھڑے ہیں، ہم اس عظیم پیشوا کی عزت کے دفاع سے ایک لمحہ بھی غافل نہ ہوں گے۔

ہم تمام اسلامی ممالک، علمائے کرام، دینی و انسانی حقوق کی تنظیموں اور دنیا بھر کے آزاد انسانوں سے مطالبہ کرتے ہیں کہ اس علنی امریکی دھمکی پر سنجیدہ اور متحد موقف اپنائیں اور امریکہ و صیہونی ریاست کے استکباری عزائم کے مقابل صف آراء ہوں۔

آخر میں، ہم اللہ تعالیٰ کی بارگاہ میں دعاگو ہیں کہ حضرت آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ‌ای (دام‌ظله) کو تا دیر سلامت رکھے، دین و انسانیت کے دشمنوں کو دنیا و آخرت میں رسوا اور نابود کرے۔"

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha