حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، نائیجیریا کی اسلامی تحریک کے رہنما حجت الاسلام شیخ ابراہیم زکزاکی نے ایک گفتوگو میں اسرائیل کی جانب سے ایران پر کیے گئے حالیہ حملے کو ظالمانہ جارحیت قرار دیتے ہوئے کہا: "صیہونی حکومت ایک غیر قانونی اور غاصب حکومت ہے، جس کی کوئی جائز بین الاقوامی حیثیت نہیں۔"
شیخ زکزاکی نے مزید کہا: "ایران وہ تمام بین الاقوامی معیارات رکھتا ہے جو پرامن ایٹمی توانائی کے استعمال سے متعلق طے کیے گئے ہیں، اور اس نے ہمیشہ اپنے حقوق کے دفاع کے لیے درست اور اصولی اقدامات کیے ہیں۔ اسلامی جمہوریہ ایران گذشتہ کئی برسوں سے بین الاقوامی ایٹمی ادارے کے ماہرین سے رابطے میں ہے اور اس کی سرگرمیوں کا پُرامن ہونا بارہا ثابت ہو چکا ہے۔"
انہوں نے کہا: "اس کے برخلاف، غاصب صہیونی حکومت نہ صرف کسی بین الاقوامی معاہدے یا اصول کی پابندی نہیں کرتا، بلکہ تمام عالمی قوانین کی خلاف ورزی کرتے ہوئے مسلسل دیگر ممالک پر حملے کرتی ہے۔"
نائیجیریا کی اسلامی تحریک کے رہنما نے ایرانی کمانڈروں کی شہادت، سائنسدانوں کی ٹارگٹ کلنگ، اور عام شہریوں، خواتین و بچوں کے قتل کو صیہونی ریاست کی مجرمانہ کارروائیاں قرار دیتے ہوئے ان کی شدید الفاظ میں مذمت کی۔
انہوں نے مغربی طاقتوں کے اس شرمناک رویے پر افسوس کا اظہار کیا جو دونوں فریقین کو صبر و تحمل کا مشورہ دیتے ہیں، جبکہ حقیقت یہ ہے کہ "مغرب نے ایران پر اسرائیلی جارحیت اور جنگ کے آغاز پر اپنی آنکھیں بند کر رکھی ہیں۔"
قابل ذکر ہے کہ یہ بیان نائیجیریا کی اسلامی تحریک کی ویب سائٹ پر شائع ہوا ہے۔









آپ کا تبصرہ