بدھ 18 جون 2025 - 12:34
ونزوئیلا کے صدر کی مختلف ممالک سے ایران کی حمایت کی اپیل

حوزہ/ ونزوئیلا کے صدر نیکلاس ماڈورو نے بدھ کی صبح دنیا کے مختلف ممالک بالخصوص چین، روس، ترکیہ، خلیجی تعاون کونسل کے رکن ممالک اور اسلامی حکومتوں سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ اسلامی جمہوریہ ایران کی صہیونی ریاست اور امریکہ کے خلاف دفاع میں بھرپور حمایت کریں۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، ونزوئیلا کے صدر نیکلاس ماڈورو نے بدھ کی صبح دنیا کے مختلف ممالک بالخصوص چین، روس، ترکیہ، خلیجی تعاون کونسل کے رکن ممالک اور اسلامی حکومتوں سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ اسلامی جمہوریہ ایران کی صہیونی ریاست اور امریکہ کے خلاف دفاع میں بھرپور حمایت کریں۔

ماڈورو نے اپنے بیان میں کہا: "میں چین، روس، ترکیہ، خلیجی ممالک، مختلف ممالک اور اسلامی حکومتوں سے مطالبہ کرتا ہوں کہ وہ ایران کے شانہ بشانہ کھڑے ہوں۔"

لبنانی نیوز چینل المیادین کے مطابق، ونزوئیلا کے صدر نے یورپی اور امریکی پالیسیوں پر تنقید کرتے ہوئے کہا: "برلن، پیرس، لندن اور واشنگٹن ایٹمی جنگ کے خواہاں ہیں اور اس کی آگ کو مزید بھڑکا رہے ہیں۔"

انہوں نے مزید کہا: "یہ عالمی طاقتیں آخر کب تک نیتن یاہو کو اس کے جرائم جاری رکھنے کی اجازت دیتی رہیں گی؟ وہ اب تک ساٹھ ہزار سے زائد فلسطینیوں کو شہید کر چکا ہے جن میں تیس ہزار معصوم بچے بھی شامل ہیں۔"

ماڈورو نے صہیونی وزیراعظم کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا: "نیتن یاہو اکیسویں صدی کا ہٹلر ہے، جو اپنی جنونیت سے مشرقِ وسطیٰ، مغربی ایشیا اور پوری دنیا کو سنگین خطرات سے دوچار کر رہا ہے۔"

انہوں نے زور دے کر کہا: "میں ان تمام حکومتوں اور اداروں سے جن کے پاس سیاسی اختیار اور عسکری وسائل ہیں، اپیل کرتا ہوں کہ ایران کے خلاف صہیونی افواج کے مجرمانہ حملوں کو روکا جائے۔"

قابل ذکر ہے کہ نیکلاس ماڈورو نے گزشتہ روز بھی لبنان، فلسطین، یمن، شام اور ایران کی مظلوم اقوام کے ساتھ بھرپور یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے کہا تھا: "ایران نے کبھی کسی پر حملہ نہیں کیا، بلکہ اسرائیل ہے جو مسلسل خطے کے ممالک پر جارحیت کرتا آیا ہے۔"

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha