حوزہ نیوز ایجنسی کے مطابق، قائد ملت جعفریہ پاکستان علامہ سید ساجد علی نقوی نے کہا: سامراجی صدر کے بیان نے سامراج کے دوغلے چہرے کو مزید واضح کر دیا، ایران نے نہ صرف صہیونی غرور خاک میں ملایا بلکہ سامراج کی انسانیت دشمنی بھی عیاں کی۔
انہوں نے مزید کہا: پوری ملت پاکستان نے عملی طور پر ثابت کیا وہ اپنے ہمسایہ برادر ملک کے عوام کے ساتھ کھڑے ہیں، جمعہ کو بھرپور طریقے سے صہیونی جارحیت کے خلاف یوم احتجاج منایا جائے گا، اجتماعات جمعہ میں عالم اسلام، ایران و پاکستان کی سلامتی کیلئے خصوصی دعاؤں کا بھی اہتمام کیا جائے۔
علامہ سید ساجد علی نقوی نے سامراجی صدر کے سماجی رابطے پر بیان، سامراجی وزیر دفاع کے بیان، خطے کی حالیہ صورتحال پر تبصرہ اور مختلف مکاتب فکر کے رہنماؤں سے ملاقاتوں کے دوران کہا: سامراجی صدر کے حالیہ بیان نے سامراج کے دوغلے چہرے سے نقاب مکمل طور پر اتار پھینکا ہے اوراس کے نام نہاد امن کے بیانیہ کو مسمار کرکے رکھ دیاہے۔
انہوں نے کہا: براہ راست ایرانی عوام کو دھمکی نے انسانیت دشمنی کو بھی واضح کردیا کہ صہیونی دہشتگرد سامراجی پشت پناہی کے بغیر کچھ بھی نہیں، سامراجی بحری بیڑے نمز کی مشرق وسطیٰ آمد اسی بغل بچے کے تحفظ اور انسانیت پر مظالم کے سلسلے کی ایک کڑی ہے ، امت مسلمہ کو اس معاملے پر اب عملی طور پر آگے بڑھنا چاہیے بلکہ اس کے ساتھ خطے کے بااثر ممالک بھی اب ادھر اُدھر کی باتوں کی بجائے عملی طور پر سامنے آئیں کیونکہ صہیونی دہشت گرد نے ایک بڑی تباہی خطے کے دہانے پر لاکھڑی کی ہے۔
قائد ملت جعفریہ پاکستان نے مختلف مکاتب فکر کے رہنماؤں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا: پوری ملت پاکستان، تمام مکاتب فکر، ہر شعبہ کے افراد نے جس انداز سے اپنے ہمسایہ برادر ملک کے ساتھ اظہار یکجہتی کیا اور جو بھرپور موقف دنیا کے سامنے پیش کیا وہ تحسین و قدردانی کا مستحق ہے ، اسی سلسلے میں یوم جمعہ کو ملک گیر یوم احتجاج منایا جائے گا۔
قابل ذکر ہے کہ اجتماعات جمعہ میں عالم اسلام، ایران و پاکستان کی سلامتی کیلئے خصوصی دعاؤں کا اہتمام بھی کیا جائے۔









آپ کا تبصرہ