۱۱ آبان ۱۴۰۳ |۲۸ ربیع‌الثانی ۱۴۴۶ | Nov 1, 2024
علامہ ساجد نقوی

حوزہ / علامہ سید ساجد علی نقوی نے کہا: یہ حملہ ایرانی سلامتی و سالمیت پر براہِ راست حملہ ہے، انسانی و عالمی برادری خطے میں بین الاقوامی امن و سلامتی کے قیام کیلئے کردار ادا کرے۔ اگر معاملات کو کنٹرول نہ کیا گیا تو پورا خطہ لپیٹ میں آ سکتا ہے۔

حوزہ نیوز ایجنسی کے مطابق، قائد ملت جعفریہ پاکستان علامہ سید ساجد علی نقوی نے اسرائیل کی جانب سے ایران پر حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا: صہیونی سامراجی ناپاک گٹھ جوڑ کا ایران پر حملہ بین الاقوامی قوانین کی صریح خلاف ورزی ہے۔

انہوں نے کہا: صہیونی سامراجی ناپاک گٹھ جوڑ کی جانب سے یہ حملہ ایران کی سلامتی و سالمیت پر براہِ راست حملہ ہے، کشیدگی روکنے کیلئے انسانی برادری کو اس حوالے سے اپنا مثبت کردار ادا کرنا چاہیے، اگر معاملات کو کنٹرول نہ کیا گیا تو ایسی جنگ چھڑسکتی ہے جو پورے خطے کی تباہی کا ذریعہ بن سکتی ہے۔

قائد ملت جعفریہ پاکستان نے کہا: اسرائیل کی جانب سے ایران پر حملے کی ہم شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا: صہیونی سامراجی ناپاک گٹھ جوڑ اپنی جارحانہ پالیسیوں کو جاری رکھے ہوئے ہے اور غزہ و لبنان میں قتلِ عام کا مرتکب ہو رہا ہے۔ اس نے غزہ و لبنان میں حملے بڑھا دیئے ہیں۔

علامہ ساجد نقوی نے کہا: صہیونی سامراجی ناپاک گٹھ جوڑ نے ایران پر فضائی حملے کر کے پورے خطے کو مکمل جنگ کی جانب دھکیل دیا ہے۔ اگر کشیدگی کا گراف نیچے لانے کی کوشش نہ کی گئی تو خطے کے تمام ممالک شدید عدم استحکام سے دوچار ہوں گے۔

انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ انسانی برادری خطے میں بین الاقوامی امن و سلامتی کے قیام کے لیے اپنا عملی کردار ادا کرے۔ سامراج ایک جانب انسانی حقوق کا خود ساختہ چیمپیئن بنا بیٹھا ہے اور دوسری جانب مظلوم فلسطینیوں اور لبنانیوں کے عوام کی نسل کشی اور ان مظلوم نہتے معصوم بچوں، خواتین، نوجوانوں اور بوڑھوں پر بم برسانے کیلئے صہیونیوں کو بھاری ہتھیار فراہم کر رہا ہے۔ جس کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے لہٰذا انسانی برادری کو مظلوم فلسطینیوں اور لبنانیوں کا قتل عام رکوانے کیلئے سامراج کی جانب سے ہتھیاروں کی فراہمی رکوانے کیلئے ٹھوس اقدامات کرنے چاہئیں۔

آخر میں علامہ ساجد نقوی نے کہا: ایران اقوام متحدہ کے چارٹر قوانین کے مطابق غیر ملکی جارحیت کے خلاف اپنے دفاع کا حق رکھتا ہے۔ ہم قابض صہیونی حکومت کے جارحانہ اقدام کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہیں اور عالم اسلام سے یہ مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ متحد ہو کر صہیونی سامراجی ناپاک گٹھ جوڑ کے ہاتھوں مظلوم فلسطینیوں اور لبنانی عوام کے قتل عام کو رکوانے کیلئے عملی اقدامات کرے۔

تبصرہ ارسال

You are replying to: .