بدھ 2 جولائی 2025 - 12:54
اسلامی جمہوریہ ایران کی حالیہ کامیابی؛ ملتِ ہند کی حمایت قابلِ فخر و باعثِ تسکین ہے، نمائندۂ ولی فقیہ ہند

حوزہ/ نمائندۂ ولی فقیہ در ہند، عبدالمجید حکیم الہی نے اسلامی جمہوریۂ ایران اور جبهۂ مقاومت کی حالیہ کامیابی پر بھارت کے تمام مذاہب و مکاتب کے عوام کی حمایت و ہمدردی کو سراہتے ہوئے اُن کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا اور رہبر معظم کی بصیرت افروز رہبری کو ملتِ اسلامیہ کے لیے عظیم عطیۂ الٰہی قرار دیا۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق،ملک ہندوستان میں رہبر انقلاب اسلامی آیت اللہ العظمیٰ سید علی خامنہ ائ کے نمائندے حجۃ الاسلام و المسلمین ڈاکٹر عبدالمجید حکیم الہی نے اپنے ایک پیغام میں اسلامی جمہوریۂ ایران اور جبهۂ مقاومت کی حالیہ کامیابی پر بھارت کے تمام مذاہب و مکاتب کے عوام کی حمایت و ہمدردی کو سراہتے ہوئے اُن کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا اور رہبر معظم کی بصیرت افروز رہبری کو ملتِ اسلامیہ کے لیے عظیم عطیۂ الٰہی قرار دیا۔

پیغام کا مکمل متن اس طرح ہے؛

بسم اللہ الرحمن الرحیم وَصَرْنَاهُمْ فَكَانُوا هُمُ الْغَالِبِينَ (الصافات، آیت 116)

تشکر و سپاس

السلام علیکم و رحمۃ اللہ و برکاتہ

اس پُرآشوب دور میں، جب عالمی استکبار اپنی تمام تر مادی، فکری اور میڈیا کی طاقتوں کے ساتھ اسلام اور مظلوم اقوام کے خلاف صف آرا ہو چکا ہے، اسلامی جمہوریۂ ایران، ایمانِ راسخ، توکلِ بر خدا، اور بالخصوص حضرت آیت اللہ العظمیٰ امام سید علی خامنہ ای (مدّظلہ العالی) کی الٰہی، بصیرت افروز اور شجاعانہ قیادت کی بدولت، پورے وقار و ثبات کے ساتھ جبهۂ حق کی صفِ اوّل میں استقامت کا عَلَم تھامے ہوئے ہے۔یقیناً رہبرِ معظم کا وجود ملتِ اسلامیہ کے لیے ایک عظیم و نایاب عطیۂ ربّانی ہےایسا پیشوا جو جامع الشرائط، زمانہ شناس، اور سیاست، حکمت، دیانت اور مقاومت کے میدان کا پختہ و ثابت قدم علمبردار ہے۔ وہ ہمارے اس عصرِ پرآشوب میں نہ صرف ملتوں کے لیے چراغِ ہدایت بنے ہیں، بلکہ عالمی مظلومین کی مظلومیت کی پُرطنین آواز بھی بن چکی ہیں۔ایسے نازک عالمی حالات میں بھارت کی باوقار اور مہذب قوم چاہے وہ اہلِ تشیع ہوں، اہلِ سنت، یا ہمارے ہندو اور بودھ بھائی—کی مخلصانہ، وفادارانہ اور برادرانہ حمایتیں، مقام معظم رہبری، جبهۂ مقاومت اور اسلامی جمہوریہ ایران کے ساتھ اُن کے اخلاص و ہمدردی کا مظہر ہیں، جو نہایت قابلِ افتخار اور باعثِ حوصلہ و تسکینِ قلب ہیں۔

دعائیہ اجتماعات، احتجاجی ریلیوں میں شرکت، بیانات و قراردادوں کا اجرا، محاذِ مقاومت کی حالیہ فتوحات پر مبارکبادی پیغامات، صہیونی دہشتگردی اور اس کے عالمی سرپرستوں کی مذمت، نیز سوشل میڈیا اور عملی میدان میں بھارت کے عوام کی فعال اور باشعور موجودگی—یہ سب کچھ بھارت کے عوامی ضمیر کی بیداری، حق طلبی اور انصاف پسندی کی روشن علامت ہے۔آج دنیا گواہ ہے کہ اسلامی جمہوریۂ ایران اور محورِ مقاومت نے عزت و سربلندی کے ساتھ کامیابی حاصل کی ہے، جبکہ عالمی استکبار سیاسی، نفسیاتی اور میدانی سطح پر شکست سے دوچار ہے۔ جنگ بندی، دشمن کی پسپائی اور جبهۂ حق کا مضبوط تر ہونا یہ سب اُس خدائی وعدے کی روشن تعبیر ہے کہ"ہم نے اُن کی مدد کی، چنانچہ وہی غالب رہے"۔ہم اس عظیم کامیابی پر بھارت کے معزز عوام اور دنیا کے تمام آزاد اندیش انسانوں کو دل کی گہرائیوں سے مبارکباد پیش کرتے ہیں۔

میں، بطورِ نمائندۂ ولی فقیہ در ہند، اپنے دینی، قومی اور اخلاقی فرض کے طور پر ملتِ ہند کے تمام طبقات علمائے کرامِ شیعہ و سنی، محترم اساتذہ، طلاب و طلباء، حوزاتِ علمیہ و جامعات کے سرپرست، مذہبی اداروں، تنظیموں اور انجمنوں کے معزز سربراہان، نیز ہمارے ہندو اور بودھ بھائیوں کا تہہ دل سے شکریہ ادا کرتا ہوں جنہوں نے بصیرت، اخلاص اور وفاداری کے ساتھ اسلامی جمہوریۂ ایران، مقام معظم رہبری، اور جبهۂ مقاومت کا ساتھ دیا اور عالمی صہیونیت و استعمار کے مظالم کے خلاف اپنی آواز بلند کی۔

آخر میں، بارگاہِ خداوندِ متعال سے دعاگو ہوں کہ آپ تمام عزیزان کو عزت، بصیرت اورسلامتی عطا فرمائے، او ر جبهۂ حق کی حتمی و قطعی فتح کے ساتھ ساتھ قدسِ شریف کو آزاد فرمائے ۔ آمین

عبدالمجید حکیم الہی

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha