حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، امام خمینی ٹاور میں دارالقرآن مرکزی زینبیہ IKMT کے زیر اہتمام رسول اکرم حضرت محمد مصطفیٰ (ص) کی رحلت اور امام حسن مجتبیٰ (ع) کی شہادت کی مناسبت سے مجلسِ عزاء کا انعقاد کیا گیا۔ اس موقع پر طالبات، اساتذہ اور بچوں کی ماؤں نے شرکت کی۔
مجلس کا آغاز تلاوتِ قرآنِ کریم سے ہوا جس کی سعادت کلاس شہیدہ بنت الہدیٰ کی بچیوں نے حاصل کی۔ بعد ازاں خواہر زہرا بتول (کلاس ساجدین) نے حجاب کے موضوع پر خطاب کیا، جبکہ کلاس ساجدین اور کلاس فاطمیہ کی خواہران نے نوحہ خوانی اور پرسہ پیش کیا۔
استاد دارالقرآن حاجیہ بانو ناصری نے اپنے خطاب میں رسول اکرم (ص) کی سیرتِ طیبہ کے مختلف پہلوؤں پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے کہا کہ رسول اکرم (ص) فقراء اور ناداروں کے ساتھ شفقت سے پیش آتے تھے۔ انہوں نے بچوں کو نصیحت کی کہ وہ اپنی زندگی میں رسول اکرم (ص) کی صفات کو اپنائیں۔
آخر میں عالمِ اسلام خصوصاً فلسطین میں جاری مظالم پر افسوس کا اظہار کیا گیا اور امام زمانہ (عج) کے جلد ظہور کی دعا کی گئی۔









آپ کا تبصرہ