جمعہ 12 ستمبر 2025 - 12:41
پنجاب کے سیلاب متاثرین کی مدد کے لئے آئی کے ایم ٹی کرگل کی ریلیف ٹیم سرگرم عمل

حوزہ/ پنجاب میں حالیہ تباہ کن سیلاب سے ہزاروں خاندان بے گھر اور کسمپرسی کی زندگی گزارنے پر مجبور ہیں۔ ایسے وقت میں امام خمینیؒ میموریل ٹرسٹ کرگل نے 25 رکنی ٹیم کے ساتھ متاثرہ علاقوں میں پہنچ کر غذائی اجناس، ادویات اور ضروری سامان فراہم کرتے ہوئے خدمتِ انسانیت کی شاندار مثال قائم کی ہے۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، ملک ہندوستان کے صوبہ پنجاب میں آئے حالیہ ہولناک سیلاب نے فیروز پور، گرداسپور، امرتسر اور پٹھان کوٹ سمیت متعدد اضلاع میں ایسی تباہی مچائی ہے کہ ہر درد مند انسان کا دل دہل گیا ہے۔ اطلاعات کے مطابق بیاس اور ستلج دریاؤں کے طوفانی بہاؤ سے اچانک بندھ ٹوٹ گیا، جس کے نتیجے میں دیکھتے ہی دیکھتے سینکڑوں بستیاں زیرِ آب آگئیں۔ اربوں روپے کی کھیتیاں تباہ ہوگئیں، کروڑوں کے اثاثے اور مویشی پانی میں بہہ گئے، جبکہ سینکڑوں مکان زمین بوس ہوگئے۔ جو لوگ کل تک پُرسکون گھروں میں آسودہ زندگی گزار رہے تھے، وہ آج بے گھر اور دانہ دانہ کے محتاج ہوچکے ہیں۔

پنجاب کے سیلاب متاثرین کی مدد کے لئے آئی کے ایم ٹی کرگل کی ریلیف ٹیم سرگرم عمل

ابھی بھی کئی مقامات سے پانی نہیں اترا ہے۔ ہزاروں خاندان یا تو اپنے گھروں کو چھوڑ کر نقل مکانی کرچکے ہیں یا محفوظ مقامات پر پناہ لئے ہوئے ہیں اور کسمپرسی کی زندگی گزارنے پر مجبور ہیں۔

ایسے نازک حالات میں امام خمینیؒ میموریل ٹرسٹ کرگل (IKMT) نے ہمیشہ کی طرح انسانیت کی خدمت اور مصیبت زدگان کی دلجوئی میں نمایاں کردار ادا کیا ہے۔ ٹرسٹ کی 25 رکنی ریسکیو و ریلیف ٹیم ان دنوں متاثرہ علاقوں میں سرگرم عمل ہے اور فوری امداد فراہم کررہی ہے۔

پنجاب کے سیلاب متاثرین کی مدد کے لئے آئی کے ایم ٹی کرگل کی ریلیف ٹیم سرگرم عمل

یہ ٹیم، جو نائب چیئرمین آئی کے ایم ٹی کی قیادت میں کام کررہی ہے، علماء، ڈاکٹرز، پیرا میڈیکل اسٹاف اور تربیت یافتہ رضاکاروں پر مشتمل ہے۔ ٹیم اپنے ساتھ ادویات، غذائی اجناس اور دیگر ضروری سامان لے جا کر متاثرین کو بروقت سہولیات پہنچا رہی ہے۔ ذمہ داران نے بتایا کہ ٹرسٹ نے ہمیشہ اہل خیر کے تعاون سے مصیبت زدگان کو ابتدائی راحت سے لے کر بازآبادکاری تک ہر مرحلے پر ساتھ دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب میں عبوری راحت رسانی کے آغاز کے ساتھ زمینی تقاضوں کو دیکھتے ہوئے ان شاء اللہ مزید خدمات بھی انجام دی جائیں گی اور متاثرین کو وسائل کے مطابق بھرپور سہارا دیا جائے گا۔

پنجاب کے سیلاب متاثرین کی مدد کے لئے آئی کے ایم ٹی کرگل کی ریلیف ٹیم سرگرم عمل

چیئرمین آئی کے ایم ٹی، حجۃ الاسلام و المسلمین شیخ صادق رجائی نے تمام اہل خیر اور صاحب حیثیت افراد سے پرخلوص اپیل کی ہے کہ وہ بلا تفریق مذہب و ملت محض انسانیت اور اولادِ آدم کے مشترکہ رشتے کے تحت سیلاب متاثرین کی امداد میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں۔ ان کا کہنا تھا کہ "انسانیت کی خدمت سب سے بڑی عبادت ہے، اور ہم ہمیشہ کی طرح آج بھی مشکل وقت میں عوام کے ساتھ کھڑے ہیں۔"

انہوں نے مزید کہا کہ امدادی ٹیم مقامی حکام اور دیگر اداروں کے ساتھ تعاون کر رہی ہے تاکہ یہ یقینی بنایا جاسکے کہ امداد جلد از جلد مستحقین تک پہنچے۔

پنجاب کے سیلاب متاثرین کی مدد کے لئے آئی کے ایم ٹی کرگل کی ریلیف ٹیم سرگرم عمل

ریلیف سرگرمیوں کو مزید مؤثر بنانے کے لئے آئی کے ایم ٹی نے کرگل ٹاؤن کے مختلف مقامات پر فنڈ اور ڈونیشن مراکز قائم کئے ہیں، تاکہ عوام اپنی نقد امداد کے ذریعے سیلاب متاثرین کی مدد کرسکیں۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha