بدھ 8 اکتوبر 2025 - 09:10
طلابِ کرام کا مکمل دلچسپی سے علم حاصل کرنا ہی ان کا جہاد ہے

حوزہ/ مدرسہ علمیہ ثقلین قم میں تقسیمِ اسناد کی پُرمسرت تقریب کے دوران حجة الاسلام والمسلمین سید حمید رضا حقیقی نے طلاب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ علم کو محنت اور دلچسپی سے حاصل کرنا ہی طلاب کا حقیقی جہاد ہے۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، مدرسہ علمیہ ثقلین قم المقدسہ میں "تقسیمِ اسناد" کی ایک پُرمسرت تقریب منعقد ہوئی۔ اس موقع پر حجة الاسلام والمسلمین سید حمید رضا حقیقی، مدیرِ امورِ تحصیلی جامعۃ المصطفیٰ العالمیہ قم نے طلابِ کرام سے خطاب کیا۔

انہوں نے محنت اور دلچسپی کے ساتھ تعلیم حاصل کرنے پر زور دیتے ہوئے فرمایا کہ: طلابِ کرام کا محنت اور مکمل دلچسپی سے علم حاصل کرنا ہی ان کا جہاد ہے۔

انہوں نے مزید بیان کرتے ہوئے کہا کہ طلاب کو چاہیے کہ وہ پوری محنت، لگن اور اخلاص کے ساتھ تعلیم حاصل کریں، کیونکہ یہی ان کا سب سے اہم فریضہ ہے۔ اگر طلاب اپنی اس اہم ذمہ داری کو ادا کریں گے تو امامِ زمانہ عجل اللہ تعالیٰ فرجہ الشریف کی خدمت میں یہ عرض کرسکیں گے کہ ہم نے اپنے فریضے پر عمل کیا، اور تب امامِ زمانہؑ ان سے خوش ہوں گے اور ان کے لیے مخصوص طور پر دعا فرمائیں گے۔

پروگرام کا آغاز تلاوتِ کلامِ پاک سے ہوا، جس کے بعد استادِ درسِ اخلاق حجة الاسلام والمسلمین جناب محمد ابراہیم کفیل نے طلاب کو اپنے اہل و عیال کے ساتھ نیک اخلاق سے پیش آنے کی تاکید کرتے ہوئے فرمایا کہ نیک اخلاق ازدواجی زندگی کی بہترین بنیاد ہے، جس سے رشتۂ ازدواج میں استحکام پیدا ہوتا ہے۔

تقریب کے اختتام پر 11 طلابِ کرام کو اسناد دی گئیں، جس پر طلاب میں خوشی و مسرت کا ماحول پیدا ہوگیا اور اساتذہ و دیگر طلاب نے انہیں دلی مبارکباد پیش کی۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha