حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، عشرہ فجر کی مناسبت پر منعقد ہونے والا سالانہ حسن قرائت و ترتیل قرآن کریم کا مقابلہ اپنے اختتام پر پہنچا، یہ مقابلہ نہایت ہی اعلی سطح پر منعقد ہوا، مورخہ ۷ فروری بروز پیر کو جامع مسجد کرگل میں یہ قرآنی مقابلہ اپنے اختتام پر پہنچا جس میں بلاک اور تحصیل سطح پر مختلف دارالقرآن سے پہلے اول،دوم،سوم پوزیشن حاصل کرنے والے قاریوں نے حصہ لیا ۔
مومنین اور جوانوں کی بڑی تعداد نے شرکت کرکے قاریوں کی حوصلہ افزائی فرمائی، مذکورہ مقابلہ میں امام خمینی میموریل ٹرسٹ کے سربراہ شیخ صادق رجائی کی صدارت میں ٹھیک ساڑھے دس بجے شروع ہوکر سہ پہر تین بجے اپنے اختتام پر پہنچا، صدارتی خطبے میں شیخ صادق رجائی نے قاریان قرآن کی محنت اوران کی قرآنی دلچسپی پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے مختلف قرآنی اداروں میں محنت اور لگن سے خدمات انجام دے رہے اساتذہ کرام اور طلاب کو مبارکباد پیش کی، ساتھ ہی ملکی وغیر ملکی سطح پر ان کے صلاحیت کو لے جانے کے ضمن میں اقدامات اٹھائے جانے کی طرف امید ظاہر کی، انہوں نے بسیج روحانیون کی اسلامی وقرآنی تعلیم کے سلسلے میں کئے جانے والے اقدامات کو سراہتے ہوئے اسے بہتر مستقبل کی ضمانت قرار دی۔
عشرہ فجر کی مناسبت پر یہ مقابلہ اپنی نوعیت کا ایک بہترین کارنامہ تھا تاکہ نوجوانوں کو قرآن کریم جیسی آسمانی کتاب کی طرف رغبت دلائی جا سکے، اس مقابلہ میں محمد علی فرزند شیخ صادق بلاغی دارلقرآن زینبیہ تھنگ سانکو پہلی پوزیشن، امیر حسن فرزند شیخ علی ارمان دا رلقرآن امام حسین علیہ السلام تھرمسہ پشکن دوسری پوزیشن اور محمد حسن فرزند محمد باقر دارلقرآن بقیتہ اللہ میتہ سورو تیسری پوزیشن حاصل کرنے میں کامیاب ہوئے۔
امام خمینی میموریل ٹرسٹ کے سربراہ کے ہاتھوں تمام ممتازین کو انعامات سے نوازا گیا ، اس مقابلہ میں شیخ خادم صادق اور شیخ ابراہیم کریمی نے داوری کے اور شیخ امین انصاری نے نظامت کے فرائض انجام دئے۔