حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، حضرت فاطمہ معصومہ سلام اللہ علیہا کے روضۂ اقدس کے متولی آیت اللہ سید محمد سعیدی نے کہا ہے کہ امریکہ کی فطرت میں گزشتہ چالیس برسوں میں کوئی تبدیلی واقع نہیں ہوئی، جیسا کہ رہبرِ معظم انقلاب اسلامی نے بھی اس حقیقت پر واضح طور پر تاکید فرمائی ہے۔
انہوں نے حرم مطہر میں آزاد اسلامی یونیورسٹی کے سربراہ بیژن رنجبر سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بعض افراد یہ تصور کرتے ہیں کہ امریکہ کی حقیقت بدل چکی ہے، حالانکہ اس کی بنیاد ہی ظلم، قتل و غارت اور مقامی باشندوں کی سرکوبی پر رکھی گئی تھی۔ ان کے بقول “مستکبرین آج بھی حق کے مقابلے میں گالی گلوج اور دشمنی کی زبان استعمال کرتے ہیں۔”
آیت اللہ سعیدی نے مزید کہا کہ انقلاب اسلامی سے قبل امام خمینیؒ کا اندازِ جہاد نرم تھا، اور آج بھی رہبر معظم انقلاب اسلامی اسی مشی پر قائم ہیں تاکہ عوام میدان میں باقی رہیں۔
انہوں نے حال ہی میں دشمن کے بارہ روزہ حملے کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ اس جنگ میں سب سے بڑا افتخار عوام کی موجودگی ہے، جنہوں نے مختلف طبقات اور ذوق رکھنے کے باوجود میدانِ دفاع میں استقامت دکھائی۔ انہوں نے کہا کہ “اگرچہ بعض ذمہ داران، دانشور اور کمانڈر شہید ہوئے، لیکن عوام کی یکجہتی ہی ہمارا اصل سرمایہ ہے جس پر فخر کیا جانا چاہیے۔”
آیت اللہ سعیدی نے حرم مطہر حضرت فاطمہ معصومہ سلام اللہ علیہا کے علمی و تربیتی کردار کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ اسی مقام نے آیت اللہ العظمیٰ عبدالکریم حائری، امام خمینیؒ اور دیگر بزرگان کی تربیت کی۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ اسلامی آزاد یونیورسٹی حرم کے ترقیاتی منصوبوں میں مرحلہ وار اور منظم انداز میں تعاون کرے گی۔
آخر میں انہوں نے دشمن کی نفوذی سازشوں سے خبردار کرتے ہوئے کہا کہ “شیطان ہمیشہ قدم بہ قدم آگے بڑھتا ہے، لہٰذا ہمیں بھی اسی حکمت کے ساتھ قدم بہ قدم مقابلہ کرنا ہوگا اور عوامی موجودگی کو برقرار رکھنا ہوگا۔”









آپ کا تبصرہ