حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، حرم مطہر حضرت فاطمہ معصومہ سلام اللہ علیہا قم کے متولی آیت اللہ سید محمد سعیدی نے حرم مطہر حضرت معصومہ سلام اللہ علیہا میں نماز عیدالفطر کے خطبات میں کہا: قرآن کریم کے مطابق رمضان المبارک کی اہم ترین کامیابیوں میں سے ایک تقویٰ ہے۔
انہوں نے کہا: جس طرح ہم رمضان المبارک کے مہینے میں اپنے منہ کو حرام کھانوں سے بند کرتے ہیں اسی طرح ہمیں باقی سال بھر میں حرام کھانے سے بھی پرہیز کرنا چاہیے اور جس طرح ہم رمضان کے مہینے میں غیبت، تہمت اورزبان سے گناہوں سے بچتے آئے ہیں تو سال بھر اپنی زبان کا خیال رکھنا چاہئے اور جس طرح اس مبارک مہینے میں اپنی چادر اور حجاب کی پابندی کی ہے تو باقی پورا سال بھی ہم اس الٰہی فریضہ کی طرف پوری توجہ دیں۔
حرم مطہر حضرت معصومہ سلام اللہ علیہا کے متولی نے مزید کہا: رمضان المبارک کے بعد روزہ داروں اور روحانی و معنوی سرمایہ داروں کو جو خطرہ لاحق ہے وہ یہ ہے کہ ہم ماہ مبارک رمضان میں کئے گئے ان معنوی ذخائر سے لاتعلق ہو جائیں جن کی سعادت ہمیں اس مبارک مہینہ میں حاصل ہوئی ہے کیونکہ شیطان جو رمضان المبارک میں زنجیروں میں جکڑا ہوا تھا آج ان ذخائر کو ہم سے چھیننے پر تلا ہے اور سچا مومن وہی ہے جو اگلے رمضان تک ان معنوی ذخائر حفاظت کرے گا۔
آیت اللہ سعیدی نے ایرانی قوم اور دنیا بھر کی دیگر مسلم قوموں کے درمیان ہم آہنگی کی ضرورت کا ذکر کرتے ہوئے کہا: مسلم امہ نے جو کچھ بھی حاصل کیا ہے وہ صرف آپسی اتحاد کی برکت سے ہی حاصل ہوا ہے اور یاد رہے کہ تفرقہ بازی دشمن کے لیے کسی بھی فوجی جنگ یا معاشی چیلنج سے زیادہ مفید اور نفع میں ہے لہذا ہمیں اسلام اور مسلمانوں کی سربلندی کے لئے تفرقہ جیسی لعنت اور اس کے نقصانات کو اچھی طرح سمجھنے اور اس سے بچنے کی ضرورت ہے۔