۳۱ فروردین ۱۴۰۳ |۱۰ شوال ۱۴۴۵ | Apr 19, 2024
متولی

حوزہ/ امام رضا علیہ السلام کےحرم کے متولی حجت الاسلام والمسلمین احمد مروی نے اساتذہ کو نئی تہذیب و تمدن کا بانی قرار دیا جس پر رہبر معظم انقلاب اسلامی نے بھی تاکید فرمائی ہے اور کہا کہ اس مقدس بارگاہ کی ایک اہم پالیسی ؛ اساتذہ کی صلاحیتوں سے ثقافتی اہداف کے حصول کے لئے استفادہ کرنا ہے۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق،یوم اساتذہ کے موقع پر حرم امام رضا علیہ السلام کے متولی حجت الاسلام والمسلمین احمد مروی نے صوبہ خراسان رضوی کے بہترین اساتذہ کے ساتھ حرم امام رضا(ع) کے ولایت ہال میں ملاقات کی،اس موقع پر انہوں نے شہید مطہریؒ کے یوم شہادت پر انہیں خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ اس اجلاس کا مقصد اساتذہ کی منزلت اور اعلیٰ مقام کی قدردانی کرتے ہوئے تعلیم یافتہ طبقہ کی صلاحیتوں کو آستان قدس رضوی کے ثقافتی اہداف کے حصول کے لئے استعمال کرنا ہے ،انہوں نے کہا کہ امام خمینیؒ کے بقول معلمی انبیاء کا پیشہ ہے اور یہی سب سے بہترین تعبیر اور تفسیر ہے جو استاد کے عظیم مقام کے لئے کی جا سکتی ہے ۔

انہوں نے اساتذہ اور انبیاء کے کاموں میں شباہت کی اہم وجہ انسانوں کی تربیت جانتے ہوئے کہا کہ جوعلم اساتذہ اپنے شاگردوں کو سکھاتے ہیں وہ انسانوں اور پورے معاشرے کی تربیت کا مقدمہ ہے،اساتذہ نئی تہذیب وتمدن کی بنیاد رکھنے والے ہیں اس پر رہبر معظم انقلاب اسلامی نے بھی تاکید فرمائی ہے۔

انہوں نے کہا کہ اساتذہ فقط طلباء کو علم نہیں سکھاتے بلکہ ان کی تربیت اور اخلاقی اقدار کی پرورش میں بھی اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ درحقیقت یہ اساتذہ ہیں جو انسان کی شخصیت کو بہتر بنانے اور معاشرے کی بنیادوں کو مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں اور یہی وجہ ہے کہ اسلام میں اور پیغمبر گرامی اسلام و آئمہ معصومین علیہم السلام کی سیرت میں اساتذہ کو خاص مقام حاصل ہے۔

حرم امام رضا علیہ السلام کے متولی نے اس بات پر زور دیا کہ آستان قدس رضوی کے علمی وثقافتی شعبوں کو چاہئے کہ اساتذہ سے بھرپور فائدہ حاصل کرنے لئے ایجنڈا بنائیں، حضرت امام رضا علیہ السلام کی نورانی بارگاہ کوئی روحانی،مذہبی اورمعیشتی انسٹیٹیوٹ نہیں ہے بلکہ یہ مقدس بارگاہ تربیت،الہام اور انسانوں کی ہدایت کا مرکز ہے ۔
حجت الاسلام مروی نے اپنی گفتگو کے دوسرے حصہ میں ماہ مبارک رمضان کے آخری ایام پر روشنی ڈالتے ہوئے ماہ مبارک رمضان کو قرآن کی بہار قرار دیتے ہوئے کہا کہ خداوند متعال نے قرآن کو نازل کیا تاکہ انسانوں کو صحیح راستہ کی راہنمائی کر سکے لیکن زیادہ تر انسان اس نجات دلانے والی کتاب سے غافل ہیں۔

حرم امام رضا علیہ السلام کے متولی حجت الاسلام والمسلمین احمد مروی کی گفتگو سے پہلے آستان قدس رضوی کی علمی و ثقافتی آرگنائزیشن کےسربراہ جناب عبد الحمید طالبی نے علمی و ثقافتی کاموں کی ایک رپورٹ پیش کی،جن کے بعدصوبہ خراسان کے تعلیمی بورڈ کے ڈائریکٹر جنرل سید امیر شوشتری نے اس ادارہ کی تعلیمی کارکردگی کے حوالے سے رپورٹ پیش کرتے ہوئے صوبہ خراسان رضوی کے اسکولوں کو معیاری بنانے پر توجہ دینے کی ضرورت پر زور دیا۔

ان کے علاوہ امام رضا(ع) مدارس کے بہترین استاد جناب محمد سہرابی،مڈل اسکولوں کے سربراہان کے نمائندے جناب علی رضا نجفی،پرائمری مدارس کے سربراہان کے نمائندے جناب سید محمد رضا رضا دوست،فرہنگیان یونیورسٹی میں بسیج طلبا کے نمائندے جناب سید محمد رضا محمودی زادہ کے علاوہ چند ایک دیگر افراد نے بھی اہم نکات بیان فرمائے۔

لیبلز

تبصرہ ارسال

You are replying to: .