حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، امام رضا بین الاقوامی یونیورسٹی کے سربراہ ڈاکٹر رجوعی نے اعلی تعلیم کی وزارت کے غیرملکی طلبا کے امور کے شعبے کے سربراہ اور دیگر عہدیداروں سے ملاقات میں کہا ہے کہ امام رضا بین الاقوامی یونیورسٹی، بین الاقوامی سطح پر علمی تعاون کی بھرپور کوشش کررہی ہے۔
تفصیلات کے مطابق، ڈاکثر مرتضی رجوعی نے اعلی تعلیم کی وزارت میں غیر ایرانی طلبا کے ذمہ دار ڈاکٹر افشین آخوند زادہ اور ویزا کے امور کے ذمہ دار وحید علائی سے ملاقات میں ، بین الاقوامی سطح پر امام رضا یونیورسٹی کی پالیسیوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ عالمی سطج پرعلمی اداروں کے ساتھ تعلقات کے لئے نیٹ ورک کی تیاری اور، یونیورسٹی کے اساتذہ ، طلبا اور محققین کے ساتھ غیر ملکی دانشوروں کا رابطہ، ملکی و غیر ملکی یونیورسٹیوں، اداروں اور تحقیقاتی اداروں کے ساتھ بین الاقوامی معاہدوں میں اضافہ اور بین الاقوامی اداروں اور یونیورسیٹوں کے ساتھ اساتذہ اور طلبا کے اساتذہ کے تجربات کے حالات کی فراہمی، بین الاقوامی سطح پر اس یونیورسٹی کی پالیسیوں میں شامل ہے ۔
علمی مرکزیت کا حصول
انہوں نے آستان قدس رضوی کی نئي پالیسیوں کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ علمی اور ثقافتی شعبے میں، موجودہ اور آئندہ توانائیوں کے پیش نظر متعلقہ موضوعات میں علمی مرکزیت کے حصول کا ذکر آستان قدس رضوی کے پیش نظر پالیسیوں میں واضح طور پر کیا گيا ہے۔
امام رضا بین الاقوامی یونیورسٹی کے سربراہ کے بقول، رضوی ثقافت کی توسیع، اسلامی انقلاب کے اہداف کی تکمیل اور زيارت، وقف اور نذر کے مفہوم کی ترویج و تقویت کے لئے، علمی، تعلیمی اور تحقیقاتی توانائيوں کا استعمال، انتظام اور نیٹ ورکنگ، آستان قدس رضوی کے حقیقی فرائض پر عمل در آمد کی اصل ضرورت ہے ۔
ڈاکثر رجوعی نے کہا کہ امام رضا بین الاقوامی یونیورسٹی میں آستان قدس رضوی کی پالیسیوں کے مطابق پڑوسیوں اور سماج کی ضرورتوں کو ترجیح دینے کے ساتھ اسلامی ملکوں کے با صلاحیت طلبا کی مدد پر کام ہو رہا ہے ۔
انہوں نے اپنے بیان کے ایک حصے میں، امام رضا بین الاقوامی یونیورسٹی کا تعارف کراتے ہوئے کہا کہ یہ ایران کی ان معدود غیر سرکاری یونیورسٹیوں میں سے ہے جنھوں نے سن 1995 میں ثقافتی انقلاب کی اعلی کونسل سے لائسنس حاصل کرنے کے بعد سن 2000 میں باضابطہ طور پر تعلیم کا آغاز کر دیا ۔
ایران میں سب سے اچھی پرائیویٹ یونیورسٹی
ڈاکٹر رجوعی نے کہا کہ آئي ایس سی کی نئي فہرست کے مطابق، امام رضا بین الاقوامی یونیورسٹی، ایران کی سب سے بہترین پرائیویٹ یونیورسٹی ہے ۔ اس وقت گریجویٹ، پوسٹ گریجویٹ اور پی ایچ ڈی کی سطح پر طلبا یونیورسٹی میں تعلیم حاصل کر رہے ہيں اور رواں سال میں نئے موضوعات میں تعلیم کا منصوبہ ہے ۔
انہوں نے اس بات کا ذکر کرتے ہوئے کہ امام رضا بین الاقوامی یونیورسٹی، تکنیکی و انجینیئرنگ، علوم انسانی، انتظامات، کھیل کود، نفسیات و تربیت اور آرکیٹکچر و شہری تعمیرات جیسی چھے فیکلٹیوں کی وجہ سے ملک کی اہم اور جامع یونیورسیٹیوں میں شامل ہے، کہا کہ آئي ایس سی کی حالیہ درجہ بندی کے مطابق، یہ یونیورسٹی، ایرانی یونیورسٹیوں کے درمیان 43 سے 49 درجہ حاصل کرنے میں کامیاب ہوئی ہے ۔
انہوں نے اس یونیورسٹی کی تحقیقاتی سرگرمیوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ تحقیقاتی ہفتے ميں اس یونیورسٹی کے انجینیئرنگ اورعلوم انسانی کے دو اساتذہ کو پرائیویٹ یونیورسٹیوں کے بہترین محقق کے طور پر منتخب کیا گيا ہے ۔
ڈاکٹر رجوعی نے امام رضا بین الاقوامی یونیورسٹی میں با صلاحیت ضرورت مند ایرانی و غیر ایرانی طلبا کو امام رضا اسکالرشپ دئے جانے کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ اسکالرشپ کے لئے طلبا کی علمی صلاحیتوں کے ساتھ ہی ثقافتی امور پر بھی توجہ دی جاتی ہے ۔
انہوں نے اس بات کا ذکر کرتے ہوئے کہ اس یونیورسٹی میں مختلف ملکوں کے ایک ہزار سے زائد غیر ملکی طلبا حصول علم ميں مصروف ہيں ، کہا کہ اس یونیورسیٹی کے اٹھارہ فیصد طلبا غیر ایرانی ہیں جن میں سے پچھہتر فیصد لڑکے اور پچیس فیصد لڑکیاں ہیں ۔
ڈاکٹر رجوعی نے ان طلبا کے لئے مختلف ثقافتی پروگراموں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ غیر ملکی طلبا کے لئے تعلیم کے آغاز، داعش کے خلاف ایرانی قوم کی کامیابی کی سالگرہ یوم النصر جیسے مواقع پر پروگراموں کا انعقاد عزاداری کے ایام میں موکب وغیرہ لگانا ، وہ جملہ پروگرام ہیں جو پورے سال اس یونیورسٹی کے زیراہتمام منعقد ہوتے ہيں۔
ڈاکٹر رجوعی نے بتایا کہ کورونا کے پھیلاؤ کی وجہ سے ، ایرانی و غیر ایرانی طلبہ کے لئے تمام کلاسس اور اسی طرح غیر ایرانی طلبا کے لئے فارسی کی تعلیم ، کو آن لائن شروع کئے جانے پر کام ہو رہا ہے ۔
اس موقع پر ڈاکٹر افشین آخوند زادہ نے بھی امام رضا بین الاقوامی یونیورسٹی کی عالمی سرگرمیوں میں سہولت کے لئے اپنے ادارے کی جانب سے کئے جانے والے تعاون اور دنیا کی دیگر یونیورسٹیوں سے امام رضا بین الاقوامی یونیورسٹی کے تعاون کے سلسلے میں کچھ نکات کا ذکر کیا ۔