۴ آذر ۱۴۰۳ |۲۲ جمادی‌الاول ۱۴۴۶ | Nov 24, 2024
احکام

حوزہ/ رہبر انقلاب اسلامی آیت اللہ العظمی خامنہ ای سے فطرہ سے متعلق پوچھے گئے سوالات اور ان کے جوابات

حوزہ نیوز ایجنسیرہبر انقلاب اسلامی آیت اللہ العظمی خامنہ ای سے فطرہ سے متعلق پوچھے گئے سوالات اور ان کے جوابات:

سوال: ہر فرد کے لئے فطرے کی مقدار کتنی ہے؟
جواب: ضروری ہے کہ انسان اپنے اور ہر اس شخص کے لئے جو اس کے زیر کفالت ہے، فی کس ایک صاع (تقریبا 3 کلو) گندم، جو، کھجور، کشمش، چاول یا مکئی وغیرہ بطور فطرہ مستحق کو ادا کرے اور اگر ان میں سے کسی ایک کی قیمت بھی ادا کر دے تو کافی ہے۔

سوال: اس بات کے پیش نظر کہ زکات فطرہ اس مال سے ادا کرنا ضروری ہے کہ جو نکال کر علیحدہ کیا گیا ہو، کیا جائز ہے کہ مستحق کو فطرہ بینک اکاؤنٹ میں ٹرانسفر کی صورت میں ادا کیا جائے؟
جواب: اگر آپ نے فطرے کی رقم نکال کر علیحدہ نہیں رکھی ہوئی تو مستحق کے بینک اکاؤنٹ میں رقم منتقل کر کے فطرے کی نیت کر سکتے ہیں، تاہم اگر پہلے سے ہی فطرے کی رقم علیحدہ کر کے رکھی ہوئی ہو تو مستحق کو وہی رقم دینا ہوگی۔

سوال: ہم فطرہ ادا کرنا بھول گئے ہیں، اس کا کیا حکم ہے؟
جواب: اگر آپ نے فطرہ الگ کر کے رکھا ہوا ہے تو اسی کو ادا کردیں اور اگر الگ نہیں کیا ہے تو احتیاط واجب کی بنا ء پر ادا یا قضاء کی نیت کے بغیر ، قصد قربت کے ساتھ ادا کریں۔

سوال: کیا عید الفطر کی رات (ماہ رمضان کے آخری روزے کی رات)آئے ہوئے مہمان کا فطرہ میزبان کے ذمے ہے؟
جواب: ایک رات کا مہمان، نان خور (یعنی جن کا کھانا پینا انسان کے ذمے ہے) شمار نہیں ہوتا، لہذا میزبان پر اس کا فطرہ دینا واجب نہیں ، لیکن اگر کوئی عید کی رات کے علاوہ بھی کچھ مدت سے کسی کا مہمان ہو اور عرفی طور پر نان خور شمار ہوتا ہے، تو میزبان پر اس کا فطرہ دینا واجب ہے۔

سوال: فطرہ الگ کرنے اور ادا کرنے کا وقت کیا ہے؟
جواب: ماہ شوال کا چاند ثابت ہونے کے بعد فطرہ نکال کر الگ رکھ سکتے ہیں ، لیکن جو شخص عید کی نماز پڑھتا ہے، احتیاط واجب کی بنا پر عید کی نماز سے پہلے ادا کرے یا جدا کرکے رکھے اور اگر عید کی نماز نہیں پڑھتا تو عید فطر کے ظہر تک ادا کرسکتا ہے۔

سوال: جو شخص پورے سال غذا کے طور زیادہ تر چاول کھاتا ہے کیا اس کے لئے ضروری ہے کہ تین کیلو چاول یا اس کی قیمت زکات فطرہ کے طور پر ادا کرے؟
جواب: فطرہ اگر گندم، جو، کھجور، چاول وغیرہ جیسی اجناس سے نکالا جائے یا اس کی قیمت دے دی جائے تو کافی ہے۔ اس کا اس پر انحصار نہیں ہے کہ اس شخص کی اصلی غذا پورے سال کیا رہی۔

لیبلز

تبصرہ ارسال

You are replying to: .