منگل 18 نومبر 2025 - 19:35
مدینہ منورہ بس سانحہ: نمائندۂ ولی فقیہ ہند کا ہندوستانی زائرین کی شہادت پر تعزیتی پیغام

حوزہ/ ہندوستان میں رہبر معظم انقلاب اسلامی کے نمائندے حجۃ الاسلام والمسلمین عبدالمجید حکیم الہی نے مکہ مکرمہ سے مدینہ منورہ جاتے ہوئے پیش آنے والے افسوسناک بس حادثے میں متعدد ہندوستانی زائرین کے شہید ہونے پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے مرحومین کے اہلِ خانہ اور پورے ہندوستانی عوام کی خدمت میں تعزیت پیش کی ہے۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، ہندوستان میں نمائندہ ولی فقیہ حجۃ الاسلام والمسلمین عبدالمجید حکیم الہی نے مدینہ منورہ کے قریب پیش آنے والے المناک حادثے پر تعزیتی پیغام جاری کیا ہے۔

تعزیتی پیغام کا متن حسب ذیل ہے:

بِسْمِ اللّهِ الرَّحْمنِ الرَّحِيمِ

وَمَنْ يَخْرُجْ مِنْ بَيْتِهِ مُهَاجِرًا إِلَى اللّهِ وَرَسُولِهِ ثُمَّ يُدْرِكْهُ الْمَوْتُ فَقَدْ وَقَعَ أَجْرُهُ عَلَى اللّهِ ۗ وَكَانَ اللّهُ غَفُورًا رَحِيمًا.

بہت افسوس اور انتہائی رنج کے ساتھ یہ المناک خبر موصول ہوئی کہ مدینۂ منورہ سے مکۂ مکرمہ کی جانب سفر کے دوران پیش آنے والے ہولناک ٹریفک حادثے کے نتیجے میں ہندوستان کے ِ زائرینِ بیت اللہ نے داعی اجل کو لبیک کہا اوراپنے رب سے جا ملے۔ یہ سانحہ نہایت دلسوز اور غم انگیز ہے جس نے دلوں کو شدید دکھ اور صدمے سے بھر دیا ہے۔

میں اس دردناک سانحہ پر ہندوستان کی عوام، مرحومین کے پسماندگان، اعزا و اقربا، معزز علماء کرام، امت مسلمہ اور تمام عاشقان حجِ ابراہیمی کی خدمت میں تعزیت اور تسلیت پیش کرتا ہوں۔

خداوندِ متعال سے دعا ہے کہ وہ اپنے فضل و کرم سے ان مرحومین پر رحمت نازل فرمائے، اور ان کے اہلِ خانہ اور پسماندگان کو صبرِ جمیل اور اجرِ عظیم عطا فرمائے۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha