اتوار 16 فروری 2025 - 15:59
تنظیم المکاتب لکھنئو کے تحت پاکستان کے معروف منقبت خواں خواجہ علی کاظم اور ان کے ساتھیوں کی المناک حادثاتی موت پر تعزیتی اجلاس

حوزہ/ لکھنؤ ہندوستان؛ تنظیم المکاتب کے تحت پاکستان کے معروف منقبت خواں خواجہ علی کاظم اور ان کے ساتھیوں کی المناک حادثاتی موت پر تعزیتی اجلاس کا انعقاد کیا گیا، جس میں مؤمنین کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، لکھنؤ ہندوستان میں مشہور و معروف منقبت خواں حسین لہجے کے مالک خواجہ علی کاظم، انقلابی جوان اور علامہ شہید حسن ترابی کے بیٹے زین ترابی اور سید جان علی کا انتقال ایک روڈ اکسیڈنٹ میں ہو گیا، یہ تینوں شخصیات اپنی پراثر آواز اور منقبت کے ذریعہ ملک بھر میں معروف تھیں اور ان کے چاہنے والوں کی ایک بڑی تعداد تھی؛ ان کی وفات نے ہر دل کو غمگین کر دیا اور ان کے مداحوں میں گہرے رنج و غم کی لہر دوڑ گئی۔

حادثے کی تفصیلات ابھی تک مکمل طور پر واضح نہیں ہو سکیں، مگر ابتدائی اطلاعات کے مطابق یہ حادثہ اس وقت پیش آیا جب تینوں شخصیات ایک گاڑی میں سفر کر رہے تھیں، ان کی گاڑی کسی تیز رفتار گاڑی سے ٹکرا گئی، جس کے نتیجے میں وہ شدید زخمی ہو گئے اور جانبر نہ ہو سکیں، اس واقعے نے ان کے اہل خانہ، مداحوں اور اہل محفل کو شدید صدمے میں مبتلا کر دیا۔

ادارہ تنظیم المکاتب کے سکریٹری مولانا سید صفی حیدر نے اس غمگین واقعے پر گہرے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ان تینوں شخصیات کا انتقال نہ صرف ان کے اہل خانہ کے لیے ایک بڑا سانحہ ہے، بلکہ سارے محبان محمد و آل محمد علیہم السلام کے لیے ناقابلِ تلافی نقصان ہے۔

ادارۂ تنظیم المکاتب میں مرحومین کے لیے تعزیتی جلسہ منعقد کیا گیا، جس میں سورۂ فاتحہ اور قرآن خوانی کی گئی۔ تمام شرکاء نے مرحومین کے لیے دعائیں کیں کہ اللہ مرحومین کی مغفرت فرمائے اور اُن کو جوار معصومین علیہم السلام میں جگہ عنایت فرمائے اور اللہ اُن کے اہل خانہ کو صبر جمیل عنایت فرمائے۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha