حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، مشہد مقدس میں صوبائی سطح پر کتاب، مطالعہ اور کتابدار کے دن کی مناسبت سے منعقدہ تقریب میں، جو مجتمع آفتاب ولایت کے کانفرنس ہال میں صوبائی حکام اور کتابداروں (لائبریرین) کی موجودگی میں منعقد ہوئی، آیت اللہ علم الہدی کا پیغام پڑھ کر سنایا گیا۔
پیغام کا متن درج ذیل ہے:
بسم اللہ الرحمن الرحیم
قال امیرالمؤمنین علیہ السلام: اَلْکُتُبُ بَساتینُ الْعُلَماءِ
کتاب ایک فعال، تخلیقی اور ترقی پذیر معاشرے کی بنیاد ہے اور کسی قوم کی علمی صلاحیتوں اور نئی کامیابیوں کی دریافت میں بے مثال سرمایہ ثابت ہوتی ہے۔
کتاب، حق کے راستے کا چراغ ہے، اور جو لوگ کتاب سے مانوس ہوتے ہیں ان کی زندگی کا راستہ زیادہ روشن ہوتا ہے اور وہ گھر اور معاشرے میں زیادہ مؤثر کردار ادا کرتے ہیں۔
گزشتہ برسوں میں سوشل میڈیا اور تیز رفتار معلوماتی ذرائع نے کتاب اور مطالعے کی ثقافت کی طرف توجہ کو کم کر دیا ہے، اور یہ صورتحال ایک ایسی قوم کے لیے خطرناک ہے جو فکری استحکام چاہتی ہو، کیونکہ ہدایت کے راستے میں کتاب سے زیادہ روشن کوئی چراغ نہیں۔
مطالعہ کے فروغ کی ذمہ داری خاص طور پر اُن افراد پر عائد ہوتی ہے جو کتاب اور کتابخوانی کے شعبے سے وابستہ ہیں۔ ان میں سرِ فہرست کتابدار ہیں، جن کے کندھوں پر یہ سنگین ذمہ داری ہے کہ وہ بچوں اور نوجوانوں میں کتاب سے محبت اور مطالعے کی عادت کو پروان چڑھائیں۔
اگر آج کی نسل کتاب اور مطالعے سے جڑ جائے تو وہ فکری و اعتقادی یلغار اور ثقافتی حملوں کا مقابلہ کرنے کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہے، ورنہ کتاب کی اہمیت کے کم ہونے سے ایسا نقصان ہوگا جس کی تلافی ممکن نہیں۔ ایسا معاشرہ جہاں لوگ کتاب سے دور ہوں، وہاں عقل و فہم کا چراغ بجھنے لگتا ہے اور فکری زندگی فرسودگی کا شکار ہو جاتی ہے۔
آخر میں، ہفتۂ کتاب اور کتابخوانی کی مناسبت سے میں اُن تمام افراد کا شکریہ ادا کرتا ہوں جو معاشرے میں مطالعے کی ثقافت کو فروغ دینے کے لیے مخلصانہ کوششیں کر رہے ہیں۔
آیت اللہ سید احمد علم الہدی
نمائندہ ولی فقیہ خراسان رضوی و امام جمعہ مشہد مقدس









آپ کا تبصرہ