حوزہ نیوز ایجنسی کے مطابق، ایران کے صوبہ خراسان رضوی میں نمائندہ ولی فقیہ آیت اللہ سید احمد علم الہدی نے مشہد میں شہداء کی یاد میں منعقدہ ایک تقریب میں خطاب کے دوران کہا: آپ شہداء کے خاندان اس نظام اور انقلاب اسلامی کی نعمتوں کا باعث ہیں اور حقیقت میں آپ لوگ ہی اس انقلاب کے اصل مالک ہیں۔
انہوں نے کہا: شہداء کے خاندانوں کا تمام سیاسی گروہوں اور معاشرے کے مختلف طبقوں کے مقابلے میں انقلاب کی کامیابی میں زیادہ موثر کردار ہے۔ انقلاب اسلامی کے درخت کو شہداء کے خون نے آبیاری کی، جو اس درخت کی مضبوطی اور بقاء کا سبب بنی۔
خراسان رضوی میں نمائندہ ولی فقیہ نے کہا: انقلاب اور اسلامی نظام کی بقاء کا اصل سرمایہ شہداء کا خون ہے۔ جمہوریہ اسلامی کا مقدس حکومتی نظام اسی تنومند انقلابی درخت پر منحصر ہے، جو تب تک مضبوط رہے گا جب تک شہداء کا خون اس کی بنیاد میں شامل ہے۔
انہوں نے کہا: جب کسی خاندان کا فرد شہید ہوتا ہے، تو ظاہر ہے ان کے بچھڑ جانے سے ان کا خاندان غمزدہ ہوتا ہے، لیکن سب سے زیادہ اثر اس کے بچوں پر ہوتا ہے، جو اپنے والد کو کھو دیتے ہیں۔ اس کے بعد شہید کی بیوی والدین کے مقابلے میں زیادہ غم اور تکلیف برداشت کرتی ہے۔
آیت اللہ علم الہدی نے مزید کہا: بیٹے کی شہادت کا غم والدین کے لیے بھی ناقابل فراموش اور دل دہلا دینے والا ہوتا ہے، لیکن ان افراد کے صبر کا جو اجر خداوند عالم کے ہاں ہے وہ ان سب غموں کا مداوا اور انتہائی بہترین پاداش کی صورت میں ہو گا۔