حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، شیعہ علماء کونسل پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ ڈاکٹر شبیر حسن میثمی اور مرکزی سیکرٹری اطلاعات زاہد علی آخونزادہ نے حضرت آیت اللہ الحاج حافظ بشیر حسین نجفی کے برادر بزرگ حضرت علامہ شیخ نذیر حسین اعلی اللہ مقامہ کی وفات حسرت آیات پر ان کے وکیل مطلق حجت الاسلام والمسلمین امجد حسین عابدی سے ملاقات کر کے ان کے والد بزرگوار کے رحلت پر تعزیت و تسلیت پیش کی اور فاتحہ خوانی کی۔
اس موقع پر شیعہ علماء کونسل کے رہنما علامہ حافظ سید کاظم رضا نقوی، علامہ قمر رضا مجاہد اور قاسم علی قاسمی سمیت دیگر علماء و زعماء بھی موجود تھے۔

اس تعزیتی ملاقات میں علامہ ڈاکٹر شبیر حسن میثمی اور زاہد علی آخونزادہ کو آیت اللہ الحاج حافظ بشیر حسین نجفی کے آبائی گھر کی زیارت بھی کرائی گئی اور مرجع عالیقدر اور ان کے بزرگوں کے دروس سے دین حقہ کے فروغ میں گرانقدر تاریخی خدمات سے آگاہ کیا گیا جس کے تحت ہدایت حق کی روشنی ڈیڑھ صدی قبل لاہور شہر کے دور دراز علاقوں تک پھیلی۔
ملاقات میں دینی، علمی قومی امور پر علماء و زعماء نے تبادلہ خیال کرتے ہوئے قائد ملت جعفریہ پاکستان علامہ سید ساجد علی نقوی اور مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ ڈاکٹر شبیر حسن میثمی کی علمی، عوامی، سماجی، فلاحی اور سیاسی خدمات کو سراہتے ہوئے ان کی توفیقات خیر میں مزید اضافے کی بھی دعا کی گئی۔









آپ کا تبصرہ