حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، لبنان کے ممتاز شیعہ مفتی، شیخ احمد قبلان نے اپنے تازہ بیان میں کہا کہ موجودہ مرحلہ لبنان کے لیے سب سے زیادہ خطرناک داخلی مرحلہ ہے، نہ کہ خارجی، اور اس وقت قوم کو فرقہ وارانہ جمود اور بیرونی وابستگیوں سے نکل کر قومی نظم و نسق کی طرف توجہ دینے کی ضرورت ہے۔
انہوں نے کہا کہ لبنان کی تاریخ اس بات کی گواہ ہے کہ حقیقی نجات کا راستہ قومی وحدت اور تمام گروہوں کی عملی شراکت میں مضمر ہے، اور اس کے لیے مذہبی یا سیاسی فلسفہ سازی کی ضرورت نہیں۔ ان کے مطابق کسی بھی فریق کو حذف کرنے کی کوشش نقصان دہ ہوگی اور اس سے ملک کے توازن کو شدید نقصان پہنچے گا۔
شیخ قبلان نے واضح کیا کہ حکومت کسی ایک گروہ یا فرقے کی نمائندہ نہیں بلکہ پورے لبنان کی ہے، اور موجودہ حالات کسی بھی قسم کی خطرناک مہم جوئی کے متحمل نہیں۔ انہوں نے زور دیا کہ لبنان کو صرف ہمہ گیر شہری انصاف اور مضبوط قومی فکر کے ذریعے ہی مشکلات سے نکالا جا سکتا ہے۔
آخر میں انہوں نے کہا کہ لبنان کا مستقبل درست قومی فیصلوں سے وابستہ ہے، اور وحدت کے بغیر لبنان عالمی طاقتوں اور تباہ کن منصوبوں کا میدان بنا رہے گا۔









آپ کا تبصرہ