اتوار 4 جنوری 2026 - 17:07
امریکی صدر کے ایران مخالف بیانات اور وینزویلا پر حملے عالمی قوانین کی سنگین خلاف ورزی ہیں: علامہ عارف حسین واحدی

حوزہ/ شیعہ علماء کونسل پاکستان کے مرکزی نائب صدر نے کہا کہ ہم اس جارحیت اور خود مختار ملکوں میں مداخلت کی شدید مذمت کرتے ہیں، سلامتی کونسل اور او آئی سی فوری اجلاس طلب کر کے امریکی جارحیت کو روکیں۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، اسلام آباد/ شیعہ علماء کونسل پاکستان کے مرکزی نائب صدر علامہ عارف حسین واحدی نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے ایران کے خلاف اشتعال انگیز اور شدت پسندانہ بیانات اور وینزویلا پر امریکہ کے حملوں کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ اقدامات عالمی قوانین، اقوام متحدہ کے منشور اور بین الاقوامی اصولوں کی کھلی خلاف ورزی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ کسی بھی خودمختار ملک کے داخلی امور میں مداخلت ناقابلِ قبول ہے۔کسی ملک کےاندرونی مسائل میں مداخلت، وہاں ایک سازش کے تحت خلفشار اور عدم استحکام پیدا کرنے سے عالمی سطح پر بے چینی، عدم استحکام اور بدامنی پیدا ہوتی ہے۔

علامہ عارف حسین واحدی نے کہا کہ اگر کسی ملک میں امریکہ کی مرضی کے خلاف کوئی حکومت قائم ہو تو اس کا یہ مطلب ہرگز نہیں کہ اس ملک کی خودمختاری کو پامال کیا جائے۔ ہر قوم کو یہ حق حاصل ہے کہ وہ اپنی خودمختاری اور حریت و استقلال کو برقرار رکھیں۔

انہوں نے امریکہ کی جانب سے وینزویلا پر حملوں کو عالمی دہشت گردی قرار دیتے ہوئے کہا کہ آج کی دنیا ایسے جارحانہ اور استعماری رویّوں کو قبول نہیں کرے گی۔ علاوہ ازیں امریکہ اور اسرائیل کا گٹھ جوڑ اسلامی ممالک کے خلاف اس بات کا ثبوت ہے کہ وہ خودمختار اور آزاد اسلامی ریاستوں کی آزادی، حریت اور استقلال کو برداشت کرنے پر آمادہ نہیں۔

علامہ عارف واحدی نے مزید کہا کہ جس طرح ایران نے ماضی میں امریکی اور صیہونی جارحیت کے مقابلے میں استقامت دکھائی اور جارح کو رسوا کن ناکامی و شکست کا سامنا کرنا پڑا، اسی طرح آئندہ بھی اگر کوئی شرارت کی گئی تو پورا عالمِ اسلام متحد ہو کر ایران کے ساتھ کھڑا ہوگا اور اس جارحیت کو ناکام بنائیں گے۔

آخر میں انہوں نے مطالبہ کیا کہ اقوام متحدہ، عالمی انسانی حقوق کے ادارے اور دیگر بین الاقوامی فورمز فوری نوٹس لیں، ہنگامی اجلاس طلب کریں اور امریکہ کی ان سازشوں، جارحیت اور بدمعاشی کو روکنے کے لیے عملی اقدامات کریں ورنہ دنیا کا کوئی ملک ان کے تجاوز سے محفوظ نہیں رہے گا۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha