حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، جامعۃ المصطفی(ص) کے ثقافتی امور کے سربراہ حجت الاسلام والمسلمین محمد رضا صالح نے کہا ہے کہ جامعۃ المصطفی(ص) کا قرآنی و حدیثی فیسٹیول دنیا بھر میں اسلام کا سب سے بڑا قرآنی و حدیثی مقابلہ ہے۔ انہوں نے عید مبعث النبی(ص) کے موقع پر منعقدہ اس تقریب میں قرآن مجید کو انسانی زندگی کا بہترین نمونہ قرار دیا اور مسلمانوں پر اس کتاب کو انسانی اور سماجی زندگی میں بروئے عمل لانے پر زور دیا
مدرسہ امام خمینی(رہ) کے قدس ہال میں اس فیسٹیول کے تیسویں دور کی اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے حجت الاسلام صالح نے کہا کہ یہ پروگرام چھ ماہ سے جاری تھا جس میں 70 سے زائد ممالک کے 20 ہزار افراد نے شرکت کی۔ انہوں نے بتایا کہ یہ مقابلے 50 ممالک میں منعقد ہوئے جن میں قرآن، حدیث، مہارتی اور معارفی مواد کے ساتھ 31 مختلف شعبوں میں مقابلے ہوئے۔
انہوں نے قرآن کریم کی آیت «لَقَدْ کَانَ لَکُمْ فِی رَسُولِ اللَّهِ أُسْوَةٌ حَسَنَةٌ» کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ نبی کریم(ص) ہماری زندگی کے لئے مکمل نمونہ ہیں۔ انہوں نے پیغمبر اسلام(ص) کی سخاوت، لوگوں سے محبت و رواداری اور اخلاق حسنہ کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ کامیابی کا واحد راستہ ان کی پیروی کرنا ہے۔ انہوں نے سورہ فرقان کی آیت کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ پیغمبر(ص) کی امت سے صرف یہ شکایت ہے کہ انہوں نے قرآن کو ترک کر دیا ہے، اور آج ہماری ذمہ داری ہے کہ اسے اس انسانی اور سماجی زندگی میں سامنے لائیں۔
اس موقع پر انہوں نے کہا کہ اس سال رہبر معظم انقلاب اسلامی آیت اللہ العظمی خامنہ ای کی قرآنی شخصیت پر خصوصی توجہ دی گئی اور ان کی تفسیری کتابوں، بشمول ‘تفسیر بیان‘ کو مقابلے کا حصہ بنایا گیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس تقریب میں 100 سے زیادہ ججز نے اپنی خدمات انجام دیں اور 2 لاکھ 80 ہزار صفحات پر مشتمل قرآنی و حدیثی مواد پر مقابلہ ہوا، جس کے اختتام پر کامیاب ہونے والوں کو انعام و اکرام نوازا کیا گیا۔









آپ کا تبصرہ