جمعرات 19 دسمبر 2024 - 16:41
جامعۃ المصطفیٰ کے تحت منعقدہ کل پاکستان علمی مقابلے میں جامعہ النجف سکردو کے طالب علم کی پہلی پوزیشن

حوزہ/جامعۃ المصطفیٰ العالمیہ شعبۂ پاکستان کے زیرِ اہتمام منعقدہ کل پاکستان علمی مقابلے میں پہلی پوزیشن حاصل کرنے والے جامعۃ النجف سکردو کے فارغ التحصیل طالب علم مولانا محمد ذاکر جعفری کو خراجِ تحسین پیش کرنے کے لیے جامعہ ہٰذا میں عظیم الشان تقریب کا انعقاد کیا گیا۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، جامعۃ المصطفیٰ العالمیہ شعبۂ پاکستان کے زیرِ اہتمام منعقدہ کل پاکستان علمی مقابلے میں پہلی پوزیشن حاصل کرنے والے جامعۃ النجف سکردو کے فارغ التحصیل طالب علم مولانا محمد ذاکر جعفری کو خراجِ تحسین پیش کرنے کے لیے جامعہ ہٰذا میں عظیم الشان تقریب کا انعقاد کیا گیا۔

یاد رہے کہ پاکستان بھر سے اس علمی مقابلے میں تقریباً 2400 طلبہ و طالبات نے شرکت کی تھی۔

جامعۃ المصطفیٰ کے تحت منعقدہ کل پاکستان علمی مقابلے میں جامعہ النجف سکردو کے طالب علم کی پہلی پوزیشن

اس علمی مقابلے میں 56 مدارس کے طلبہ و طالبات شامل تھے۔ مجموعی طور پر 8 مدارس کے طلبہ و طالبات نے پوزیشن حاصل کی، جن میں انعام لینے والوں کی تعداد 48 تھی، ان سب میں پہلی پوزیشن حاصل کرنے کا شرف جامعۃ النجف سکردو کے طالب علم مولانا محمد ذاکر جعفری اینگوٹی نے حاصل کیا۔

اس تقریب میں جامعہ کے تمام طلاب اور اساتذہ کے علاؤہ مہمان شخصیات نے شرکت کی۔

تقریب میں مولانا محمد ذاکر جعفری کی علمی جدو جہد کو خراجِ تحسین پیش کیا گیا نیز جامعۃ المصطفیٰ شعبۂ اسلام آباد کی قدردانی کی گئی۔

جامعہ کے ایڈمنسٹریٹر علی احمد نوری نے پرنسپل، اساتذہ کرام اور طلبہ کو المصطفیٰ کی طرف سے موصولہ رزلٹ اور جامعہ کے نام مولانا محمد ذاکر جعفری کے پیغام تشکر سے مطلع کیا۔

انہوں نے مولانا ذاکر جعفری کے جہد مسلسل، وقت کی پابندی اور کلاسوں میں پابندی سے شرکت کو ان کی کامیابی کا بنیادی سبب قرار دیا۔

جامعۃ النجف سکردو کے تربیتی شعبے کے مسئول محترم آغا سید محمد علی شاہ الحسینی نے مولانا محمد ذاکر جعفری کو اس اہم کامیابی پر مبارکباد دی۔

انہوں نے کہا کہ مولانا محمد ذاکر جعفری تعلیمی اور تربیتی اعتبار سے بہت ہی منظم، با ہدف اور ممتاز حیثیت کے حامل طالب علم ہیں۔

انہوں نے جامعۃ النجف کا سات سالہ تعلیمی دورانیہ بہترین انداز سے گزارا۔

انہوں نے طالب علموں کو اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کرنے کا سنہری موقع فراہم کرنے پر نمائندگی المصطفیٰ کا شکریہ ادا کیا۔

آخر میں جامعہ کے پرنسپل، نامور محقق، دانشور اور مترجم حجت الاسلام شیخ محمد علی توحیدی نے اپنے خطاب میں کہا کہ حدیث کی رو سے طالب علموں کو جہد مسلسل اور ذوق و شوق کا حامل ہونا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ جامعۃ النجف کے فارغ التحصیل طلباء اندرون ملک اور بیرون ملک میں اس مادر علمی کو سرخرو کر رہے ہیں۔ تعلیمی مقابلے کے انعقاد اور پوزیشن ہولڈر طلباء کی حوصلہ افزائی پر انہوں نے نمائندگی المصطفیٰ کا شکریہ ادا کیا۔

آخر میں انہوں نے تمام طلبہ کی کامیابی و کامرانی، امام زمانہ علیہ السلام کے ظہور میں تعجیل کی دعا کی۔

جامعۃ المصطفیٰ کے تحت منعقدہ کل پاکستان علمی مقابلے میں جامعہ النجف سکردو کے طالب علم کی پہلی پوزیشن

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .