حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، بنگلہ دیش کے علما اور عوام نے شہر خُلنا میں اجتماع اور انسانی زنجیر کے ذریعہ جمہوریہ اسلامی ایران اور رہبر معظم انقلاب حضرت آیت اللہ العظمیٰ سید علی خامنہ ای کے ساتھ اپنی یکجہتی کا اظہار کیا اور امریکہ اور مغربی دنیا کی سازشوں کے خلاف احتجاج کیا۔
اس اجتماع میں معزز علما کرام، دینی علوم کے طلبہ اور عوام کے مختلف طبقات نے شرکت کی اور نعرے لگاتے ہوئے امریکہ اور مغربی ممالک کی جارحانہ پالیسیوں کی کھل کر مخالفت کی۔

شیعہ علماء کونسل بنگلہ دیش کے سرپرست حجت الاسلام سید ابراہیم خلیل رضوی نے اپنے خطاب میں کہا: ہم ہمیشہ محاذ حق کے ساتھ اور باطل کے مقابلے میں کھڑے ہیں اور اگر حق کا دفاع قربانی حتیٰ جان دینے کا بھی تقاضا کرے تو ہم اس راستے میں کسی تردد کا شکار نہیں ہوں گے۔
انہوں نے عالمی پالیسیوں پر تنقید کرتے ہوئے کہا: امریکہ مصنوعی بحران پیدا کرکے اور نوآبادیاتی پالیسیوں کو آگے بڑھا کر دنیا میں اپنی بالادستی کو وسعت دے رہا ہے لیکن اقوام متحدہ اور نام نہاد انسانی حقوق کے ادارے ان پرتشدد اقدامات کے باوجود معنی خیز خاموشی اختیار کیے ہوئے ہیں۔

اس اجتماع کے دیگر مقررین نے بھی امریکی جنگ پسندانہ پالیسیوں، پابندیوں، محاصرے اور دھمکیوں کی مذمت کرتے ہوئے سامراجی جارحیت کے فوری خاتمے کا مطالبہ کیا اور اقوام کی مرضی، ممالک کی قومی خودمختاری اور عالمی سطح پر منصفانہ امن کے احترام پر زور دیا۔
یہ احتجاجی اجتماع اختتامی اعلامیے کی قرأئت اور جمہوریہ اسلامی ایران کی ملت اور رہبر معظم کے ساتھ مکمل یکجہتی کے اعلان کے ساتھ اختتام پذیر ہوا۔










آپ کا تبصرہ