ہفتہ 7 فروری 2026 - 12:19
دنیا ہدایت اور گمراہی کے درمیان فیصلہ کن مرحلے میں داخل ہو چکی ہے: شیخ ابراہیم زکزاکی

حوزہ/ نائجیریا کی اسلامی تحریک کے سربراہ شیخ ابراہیم زکزاکی کی قیادت میں دارالحکومت ابوجا میں نیمۂ شعبان اور حضرت امام مہدیؑ کی ولادت باسعادت کے موقع پر ایک عظیم الشان اجتماع منعقد ہوا، جس میں عوام کے مختلف طبقات نے بھرپور شرکت کی۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، نائجیریا کی اسلامی تحریک کے سربراہ شیخ ابراہیم زکزاکی کی قیادت میں دارالحکومت ابوجا میں نیمۂ شعبان اور حضرت امام مہدیؑ کی ولادت باسعادت کے موقع پر ایک عظیم الشان اجتماع منعقد ہوا، جس میں عوام کے مختلف طبقات نے بھرپور شرکت کی۔

اس موقع پر شیخ ابراہیم زکزاکی نے ولادتِ امام زمانہؑ کی مبارک باد پیش کرتے ہوئے آپؑ کو “دنیا کے مظلوموں کا محافظ” قرار دیا اور کہا کہ حضرت امام مہدیؑ آج بھی امتِ مسلمہ کی رہنمائی اور امور کی سرپرستی فرما رہے ہیں۔

انہوں نے حقیقی انتظار کے مفہوم پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ ہم صرف ظہور کے بعد امامؑ کی پیروی کے منتظر نہیں، بلکہ ہم اس وقت بھی ان کے تابع ہیں۔ امام مہدیؑ ہمارے رہبر ہیں اور ہماری رہنمائی فرما رہے ہیں۔

شیخ زکزاکی نے کہا کہ آج دنیا واضح طور پر دو متضاد راستوں، حق اور باطل، میں تقسیم ہو چکی ہے۔ اگرچہ یہ تقسیم ہمیشہ سے موجود رہی ہے، لیکن موجودہ دور میں یہ پہلے سے کہیں زیادہ نمایاں ہو چکی ہے۔

انہوں نے سوال اٹھایا کہ جب حق و باطل کی صفیں مکمل طور پر الگ ہو جائیں گی تو منافقین کس طرف جائیں گے؟ اور خود ہی جواب دیا کہ وہ بلا شک و شبہ باطل کے کیمپ کا رخ کریں گے۔

رہبرِ تحریک نے ہدایت اور گمراہی کی قوتوں کے درمیان ناگزیر تصادم کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ یہ ٹکراؤ ضرور ہوگا اور اس سے بچنے کی کوئی صورت نہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ دشمن آج خود کو طاقتور ظاہر کرتا ہے، لیکن اللہ کے اذن سے اسے یہ احساس دلایا جا چکا ہے کہ اس سے بڑھ کر بھی ایک قوت موجود ہے، اور یہی انجامِ بد کی علامت ہے۔

شیخ زکزاکی نے خصوصاً اسلامی جمہوریہ ایران میں ہونے والی سائنسی اور ٹیکنالوجی کی ترقی کو، جو خدا کے نام اور الٰہی راستے میں حاصل ہو رہی ہے، امام زمانہؑ کی تعلیمات اور ہدایت کا مظہر قرار دیا۔

انہوں نے امامت اور الٰہی قیادت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ اللہ تعالیٰ کبھی بھی زمین کو اپنے حجت کے بغیر نہیں چھوڑتا۔

انہوں نے ایک بار پھر اس بات پر تاکید کی کہ امام مہدیؑ امتِ مسلمہ کے حقیقی امام ہیں اور امید ظاہر کی کہ ان کا ظہور جلد واقع ہوگا۔

شیخ زکزاکی نے موجودہ عالمی حالات کو ہدایت اور گمراہی کی کھلی کشمکش قرار دیتے ہوئے کہا کہ ظالم حکمران دینداروں پر دباؤ ڈال رہے ہیں اور انہیں دھمکیاں دے رہے ہیں، لیکن یہ دھمکیاں بے اثر ہیں، کیونکہ وعدۂ الٰہی کبھی خلافِ واقع نہیں ہوتا۔

تقریب کے اختتام پر انہوں نے ظہورِ امام عصرؑ میں تعجیل کے لیے دعا کی اور اللہ تعالیٰ سے التجا کی کہ مؤمنین کو امام مہدیؑ کے سچے یار و مددگاروں میں شامل فرمائے۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha