جمعرات 5 فروری 2026 - 20:23
تعلیماتِ اہلِ بیتؑ پر عمل اور ظلم کے خلاف ڈٹ جانا ہی حقیقی انتظار ہے، شیخ ناظر مہدی محمدی

حوزہ/ کرگل میں جشنِ میلاد امامِ عصرؑ کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے شیخ ناظر مہدی محمدی نے کہا کہ تعلیماتِ اہلِ بیتؑ پر عمل اور ظلم کے خلاف ڈٹ جانا ہی حقیقی انتظارِ امامِ زمانہؑ ہے۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، کرگل/ ولادتِ باسعادت منجیٔ عالمِ بشریت، قائمِ آلِ محمدؐ، یوسفِ زہراؑ، مہدیٔ فاطمہؑ، امام العصر والزمان حضرت حجت ابن الحسن العسکریؑ (عج) کے پُرمسرت موقع پر جمعیت العلماء اثنا عشریہ کرگل (JUIAK)، لداخ کے زیرِ اہتمام حوزۂ علمیہ اثنا عشریہ کرگل کے احاطے میں ایک عظیم الشان جشنِ میلاد امامِ زمانہؑ کا انعقاد کیا گیا، جس میں ضلع بھر سے ہزاروں علماء اعلام اور مومنین نے شرکت کی۔ یہ روحانی اجتماع نہایت عقیدت، جوش و خروش اور مذہبی جذبے کے ساتھ منعقد ہوا۔

مکمل تصاویر دیکھیں:

ولادت باسعادت امام العصر والزمان (عج) کے مبارک موقع پر جمعیت العلماء اثنا عشریہ کرگل کے زیرِ اہتمام عظیم الشان جشنِ میلاد کی محفل منعقد

اس سے قبل شبِ برات کی مناسبت سے انصار المہدی جمعیت العلماء اثنا عشریہ کے رضاکاروں نے شعبۂ کے صدر احمد حسین شیخ کی قیادت میں حوزۂ علمیہ اثنا عشریہ کرگل، اس کے احاطے اور اثنا عشریہ چوک کو دلہن کی طرح سجایا۔ قابلِ ذکر ہے کہ نوجوانوں نے شدید سردی کے باوجود مسلسل ایک ہفتے دن رات محنت کرکے یہ خدمت انجام دی۔ علاوہ ازیں پورے ضلع میں مساجد، امام بارگاہوں اور گھروں پر چراغاں کرکے مومنین و مومنات نے امامِ زمانہؑ (عج) سے اپنی محبت اور عقیدت کا اظہار کیا۔

پروگرام کی صدارت جمعیت العلماء اثنا عشریہ کرگل کے صدر حجۃ الاسلام والمسلمین شیخ ناظر مہدی محمدی نے مہمانِ خصوصی کی حیثیت سے فرمائی۔ اس موقع پر جمعیت کے ایگزیکٹو اراکین، مجلسِ علماء کے اراکین، بزرگ علماء، مختلف شعبہ جات کے عہدیداران اور بڑی تعداد میں مومنین موجود تھے۔

اپنے خطاب میں شیخ ناظر مہدی محمدی نے پوری انسانیت بالخصوص اہلِ ایمان کو ولادتِ باسعادت امامِ عصر حضرت امام مہدیؑ کی اس پُرمسرت مناسبت پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے امام مہدیؑ کو عدل، امن اور الٰہی امید کا مینار قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ امام مہدیؑ پر ایمان عقیدۂ تشیع کا بنیادی جز ہے، جو دنیا سے ظلم و جبر کے خاتمے اور عدل و انصاف کے قیام کی بشارت دیتا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ امامِ زمانہؑ کے ظہور کا انتظار مومنین کو اخلاقی و روحانی اصلاح، تعلیماتِ اہلِ بیتؑ پر عمل پیرا ہونے اور ہر قسم کے ظلم و ناانصافی کے خلاف ڈٹ جانے کا درس دیتا ہے۔

شیخ ناظر مہدی محمدی نے جمعیت العلماء اثنا عشریہ کے مختلف شعبوں سے وابستہ نوجوانوں کی انتھک محنت، نظم و ضبط اور جذبۂ خدمت کو سراہا، جن کی کوششوں سے پروگرام کامیابی کے ساتھ منعقد ہوا۔ انہوں نے ٹیم سترینگمو اور اس کے سربراہ سجاد بوب کو محکمۂ سیاحت، یونین ٹیریٹری لداخ کے آفیشل لوگو کے ڈیزائن پر مبارکباد دیتے ہوئے اسے کرگل کے نوجوانوں کے لیے باعثِ فخر قرار دیا۔

انہوں نے عوام سے جمعیت العلماء اثنا عشریہ کی سماجی و ماحولیاتی سرگرمیوں میں بھرپور تعاون کی اپیل کی، بالخصوص گزشتہ سال ایک لاکھ پودے لگانے کے مشن کے تحت شروع کی گئی شجرکاری مہم کا ذکر کیا۔ مزید برآں انہوں نے جمعیت کے زیرِ اہتمام آئندہ منعقد ہونے والی اجتماعی نکاح تقریب کی تیاریوں کا اعلان کرتے ہوئے مستحق اور اہل افراد کو اہلِ خانہ سمیت اس نیک مقصد میں شرکت اور رجسٹریشن کی دعوت دی۔

پروگرام کے دوران شعبۂ ادب جمعیت العلماء اثنا عشریہ کے زیرِ اہتمام آڈیشن کے ذریعے منتخب منقبت خواں حضرات نے منقبت خوانی پیش کی، جس سے محفل ایک روح پرور اور وجدانی کیفیت میں ڈوب گئی۔ اس موقع پر حسینی تبرک کمیٹی کے رضاکاروں نے شعبۂ کے انچارج حاجی محمد تومیلی کی قیادت میں تبرکات کا انتظام کیا۔ سردیوں کے پیش نظر جسم کو گرم رکھنے والی روایتی ڈش "تھوکپا" بطور تبرک پیش کی گئی، جس کی تیاری میں خاصی محنت درکار ہوتی ہے۔ شدید سردی کے باوجود فجر کی نماز کے فوراً بعد تبرک کی تیاری کا سلسلہ شروع کیا گیا۔

تقریب کا اختتام دعائے سلامتی امامِ زمانہؑ (عج)، ملکِ عزیز ہندوستان اور خطے میں امن و اتحاد، پوری امتِ مسلمہ کی خوشحالی، بالخصوص رہبر معظم حضرت آیت اللہ خامنہ ای، آیت اللہ سیستانی (حفظہم اللہ) اور دیگر مراجع عظام کی سلامتی کے لیے خصوصی دعاؤں کے ساتھ ہوا۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha