حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، امام جمعہ بنارس و مدیر جامعہ ایمانیہ حجۃ الاسلام و المسلمین محمد ظفر الحسینی نے مجلس خبرگان کی جانب سے آیت اللہ سید مجتبیٰ خامنہ ای کو نیا ولی امر مسلمین منتخب کیے جانے کا خیرمقدم کرتے ہوئے ان کی قیادت کی حمایت، اطاعت اور وفاداری کا اعلان کیا اور آیت اللہ سید علی خامنہ ای کی شہادت پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا۔ آپ کے بیان کا مکمل متن اس طرح ہے؛
بسمہ تعالیٰ
اللہ کی حمد و ثنا اور حضرات محمد و آل محمد (ص) پر درود و سلام کے بعد مومنین کرام اور تمام پیروان دین اسلام کی خدمت میں عرض ہے کہ رھبر معظّم حضرت آیۃ اللہ العظمیٰ آقائے سید علی خامنہ ای طاب ثراہ کی شھادت کے بعد مجلس خبرگان کی جانب سے نئے رھبر کا انتخاب عمل میں آچکا ہے اور رھبر معظّم کے فرزند ارجمند حضرت آیۃاللہ آقائے سید مجتبیٰ خامنہ ای دامت برکاتہ کو ان کی جگہ پر نئے ولیء امر مسلمین کے طور پر منتخب کیا جاچکا ہے۔
ہم اس شاندار انتخاب کا دل و جان سے استقبال کرتے ہیں اور اللہ کی بارگاہ میں ، امام زمانہ (ع) کے حضور موجودہ قائد عالم اسلام کے تئیں اپنی حمایت و پاسداری، تابعیت و وفاداری اور اطاعت و فرمانبرداری کاقربۃ الیٰ الله قصد و عہد کرتے ہیں۔
اس کے علاوہ موصوف کی خدمت میں اپنی جانب سے اور مومنین بنارس کی جانب سے ان کے پدر بزرگوار کی دائمی مفارقت کے روح فرسا المیہ اور ان کے معنوی و روحانی فیوض و برکات سے ابدی محرومی کے عظیم سانحہ کے سلسلے میں دلی تعزیت پیش کرتے ہیں۔
اسی کے ساتھ ساتھ عالم اسلام بالخصوص عالم تشیّع میں عملی طور پر اپنے والد عظیم المرتبت کے نائب برحق بن کر سامنے آنے کی انھیں دلی مبارکباد پیش کرتے ہیں۔ والسلام
خادم دین و ملّت
محمد ظفر الحسینی









آپ کا تبصرہ