حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، حجۃ الاسلام و المسلمین محمد اسلم رضوی سربراہ شیعہ علما بورڈ مہاراشٹرا نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ جمہوریہ اسلامیہ ایران کے مضبوط اور معتبر لیڈر جناب آقای علی لاریجانی کی شہادت نے یہ ثابت کیا ہے کہ دشمن کتنا بزدل ہے جو عوامی آبادیوں پر حملہ کر کے نہتے لوگوں کا خون بہا رہا ہے ۔
انہوں نے کہا کہ ایران کے دشمنوں کو یہ جان لینا چاہیے کہ ایران کی غیرت مند ، شجاع اور شہید پرور قوم ان ظالموں کے ظلم کے سامنے کبھی بھی جھکنے والی نہیں ہے بلکہ رھبر معظم انقلاب کی جانگداز شہادت سے لے کر آج تک جتنی شخصیتوں کو شہید کیا گیا ہے اس سے ملت ایران کے جذبہ ایمانی میں کئی گنا اضافہ ہوا ہے ۔
مولانا محمد اسلم رضوی نے کہا کہ یہ وہ قوم ہے جس کی نگاہوں کے سامنے کربلا کی داستان ہے اور کربلا سے وابستہ افراد کبھی بھی ظلم کے سامنے سجدہ ریز نہیں ہوتے بلکہ آخری سانس اور آخری قطرہ خون تک ظلم و استبداد کا سیسہ پلائی ہوئی دیوار کی طرح ڈٹ کر مقابلہ کرتے ہیں۔ الحمدللہ ایران کی بہادر فوج نے امریکہ اور اسرائیل کو ایسا دندان شکن جواب دیا کہ یہ دونوں ملک جنگ بندی کی بھیک مانگنے پر مجبور ہو گئے ۔
سربراہ شیعہ علما بورڈ مہاراشٹرا نے کہا کہ آج دنیا کو یہ معلوم ہو گیا کہ علی والے اگر تعداد میں کم ہی کیوں نہ ہوں میدان جنگ میں پیٹھ نہیں دکھاتے۔ ہمیں امید ہے کہ ایران اسلامی پر یہ مسلط جنگ ایران کے حق میں ختم ہوگی اور پوری دنیا کو یہ سمجھ میں آجائے گا کہ جب غلام اتنے شجاع و بہادر ہیں تو پردہ غیب میں موجود ان کا آقا کتنا شجاع ہوگا ۔









آپ کا تبصرہ