حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، فیض آباد-ایودھیا/ نیا امام باڑہ، امسن میں تعزیتی جلسہ و مجلسِ عزا کا انعقاد انجمنِ اصغریہ امسن کلاں کے زیرِ اہتمام منعقد ہوا، جس میں علاقے کے معزز علماءِ کرام نے شرکت فرمائی۔ اس پروگرام میں کثیر تعداد میں لوگوں نے شرکت کی اور ماحول نہایت غمگین اور روحانی رہا۔

اس تعزیتی جلسے کو مولانا محمد عامر، مولانا محمد علی گوہر، مولانا محمد عباس مونس، مولانا جعفر رضا عابدی، مولانا قمر مہدی، مولانا محمد کاظم اور مولانا امتیاز عباس رضوان نے اپنے تاثرات بیان فرمائے۔
آخر میں مجلس عزا منعقد ہوئی جس کو مولانا محمد کاظم نے خطاب فرمایا، جس میں انہوں نے اہلِ بیتؑ کی تعلیمات، صبر اور سچائی کے راستے پر چلنے کی اہمیت کو بیان کیا۔

علماءِ کرام نے اپنے خطبات میں آیت اللہ سید علی خامنہ ای کی سادگی بھری زندگی، ان کے اعمال اور ان کی بندگی پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے واضح طور پر یہ پیغام دیا کہ حقیقی سپر پاور صرف اللہ ہے — وہی طاقت ہے جو انسان کو حق پر ڈٹے رہنے کی ہمت دیتی ہے۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ جو لوگ اللہ کو اپنی اصل طاقت سمجھتے ہیں، وہ اکیلے ہو کر بھی حق کے لیے کھڑے رہتے ہیں، جبکہ جو لوگ دنیاوی طاقتوں (جیسے امریکہ و اسرائیل) کو ہی سپر پاور سمجھ بیٹھے ہیں، وہ اپنی زمینیں تک ان کے اڈوں کے لیے دے دیتے ہیں۔ یہ ایک کھلا سبق ہے کہ اصل طاقت ایمان اور اللہ پر بھروسے میں ہے، نہ کہ دنیا کی جھوٹی طاقتوں میں۔

جلسہ میں اس بات پر بھی زور دیا گیا کہ دنیا کی کوئی بھی کامیابی بغیر ولایت کے ممکن نہیں ہے، اور انسان کی اصل کامیابی اسی میں ہے کہ وہ حق اور ولایت کے راستے پر قائم رہے۔
مجلس کے دوران شہداء کی یاد میں خراجِ عقیدت پیش کیا گیا۔ پروگرام کے اختتام پر ایران کی کامیابی اور فتحیابی کے لیے خصوصی دعا کی گئی اور شہداء کے لیے سورۂ فاتحہ پڑھی گئی۔










آپ کا تبصرہ