حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، مجمع علماء و خطباء حیدرآباد نے اپنے ایک مشترکہ بیان میں ۸ شوال کے سانحہ جنت البقیٰع پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے مقدس مزارات کی فوری تعمیر نو اور ان کے تحفظ کا مطالبہ کیا ہے، اور امتِ مسلمہ سے اپیل کی ہے کہ وہ پرامن طریقے سے اس اہم دینی و تاریخی مسئلے پر اپنی آواز بلند کریں۔
بیانیہ کا مکمل متن اس طرح ہے؛
جنت البقیٰع تعمیر کرو – احتجاجی پیغام
مجمع علماء و خطباء حیدرآباد ۸ شوال کے دردناک واقعہ، یعنی جنت البقیٰع کے مقدس مزارات کے انہدام پر اپنی شدید ترین مذمت کا اظہار کرتا ہے۔ یہ افسوسناک حادثہ اسلامی تاریخ، روحانی ورثہ اور اہل بیت (علیہم السلام) سے محبت رکھنے والے ہر مومن کے جذبات پر ایک گہرا زخم ہے جو آج بھی تازہ ہے۔
جنت البقیٰع وہ مقدس مقام ہے جہاں اہل بیت (علیہم السلام) کے عظیم ائمہ — امام حسن مجتبیٰ (علیہ السلام)، امام علی ابن الحسین زین العابدین (علیہ السلام)، امام محمد باقر (علیہ السلام) اور امام جعفر صادق (علیہ السلام) — مدفون ہیں۔ اسی طرح شہزادیِ کائنات حضرت فاطمہ زہراء (سلام اللہ علیہا) سے منسوب مقام بھی اسی جگہ مانا جاتا ہے، جو اس مقام کی حرمت کو اور بلند کرتا ہے۔ ان مقدس مزارات کی بے حرمتی پوری امت کے لیے سخت تکلیف اور انتہائی افسوس کا سبب ہے۔
مجمع علماء و خطباء حیدرآباد پرزور مطالبہ کرتا ہے کہ جنت البقیٰع کی دوبارہ تعمیر اسلامی شان کے مطابق کی جائے اور مقدس مقامات کی حرمت اور تحفظ کو یقینی بنایا جائے۔ ہم تمام مسلمانوں سے اپیل کرتے ہیں کہ وہ اس درد کو محسوس کرتے ہوئے پرامن طریقے سے اپنی آواز بلند کریں اور اہل بیت (علیہم السلام) کے مزارات کی عظمت کے لیے یکجا ہو جائیں۔
من جانب: مجمع علماء و خطباء حیدرآباد دکن









آپ کا تبصرہ